کراچی اسٹاک مارکیٹ میں سیاسی بہتری کی توقع پرخریداری مزید 335 پوائنٹس ریکور

تیزی کے باعث66 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں

حصص کی مالیت میں مزید 85 ارب 69 کروڑ25 لاکھ97 ہزار 100روپے کا اضافہ ہوگیا۔ فوٹو : آن لائن

KHAIRPUR:
سیاسی افق پرمثبت تبدیلیوں کی توقعات پر خریداری بڑھنے اور مارکیٹ سے غائب سرمایہ کاروں کی دوبارہ کاروباری دلچسپی کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کو بھی نمایاں تیزی کا تسلسل قائم رہا جس سے انڈیکس کی29500 کی نفسیاتی حد بھی بحال ہوگئی۔

تیزی کے باعث66 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید 85 ارب69 کروڑ25 لاکھ97 ہزار 100روپے کا اضافہ ہوگیا۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ بعض لسٹڈ کمپنیوں کے اچھے مالیاتی نتائج کی وجہ سے ان شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھنے سے بعض کمپنیوں کے حصص پر اپرلاک لگ گئے۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ بدھ کوپارلیمنٹ کے اجلاس میں پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کی آمداور تقاریرکے علاوہ دیگر جماعتوں کے اراکین کے خطابات سے سیاسی افق پر بہتری کی توقع پیدا ہوگئی ہے اور اس توقع پر مارکیٹ میں سرمایہ کاری رحجان بڑھنے سے تیزی رونما ہورہی ہے۔


ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگرآرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر90 لاکھ36 ہزار991 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا لیکن اس انخلا کے باوجود کاروبار کے تمام دورانیے میں مارکیٹ مثبت زون میں رہی کیونکہ غیرملکیوں کی جانب سے44 لاکھ67 ہزار157 ڈالر، میوچل فنڈز32 لاکھ44 ہزار426 ڈالراور این بی ایف سیز کی جانب سے13 لاکھ25 ہزار408 ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 335.26 پوائنٹس بڑھ کر29595.55 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 207.31 پوائنٹس کے اضافے سے 20544.38 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 643.42 پوائنٹس کے اضافے سے48523.94 ہوگیا، کاروباری حجم منگل کی نسبت 9.58 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر20 کروڑ2 لاکھ 69 ہزارحصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ386 کمپنیوں تک محدود رہا جن میں254 کے بھاؤ میں اضافہ، 106 کے دام میں کمی اور 26 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
Load Next Story