پرویز اشرف کو کوئی غیر جمہوریت طاقت عہدے سے نہیں ہٹاسکتی قائم علی شاہ

پہلی ٹیکنیکل ووکیشنل یونیورسٹی حیدرآباد میں قائم کرنیکا فیصلہ،وزیراعلیٰ، اجلاس سے خطاب

قائم علی شاہ کی وزیراعلی ہاؤس میں پریس کانفرنس ۔ تصویر ایکسپریس

وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم راجا پرویز اشرف کو کوئی بھی غیر جمہوری طاقت ان کے عہدے سے نہیں ہٹاسکتی، اندرون و بیرون ملک مختلف شعبوں میں فنی تربیت یافتہ افراد کی اشد ضرورت ہے، شہید بے نظیر بھٹو یوتھ ڈیولپمنٹ پروگرام اور دیگر منصوبوں کے ذریعے نوجوانوں کی تربیت اور ترقی کے لیے کئی منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔

گزشتہ چار سالوں کے دوران ایک لاکھ پچاس ہزار نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں تربیت دی گئی ہے جن میں سے اکثر کو سرکاری اور نجی شعبے سمیت بڑی صنعتوں میں ملازمتیں مل گئی ہیں۔ انھوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو وزیر اعلیٰ ہائوس میں سندھ ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (سٹیواٹا)کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن ، سیکریٹری تعلیم محمد صدیق میمن و دیگر نے شرکت کی۔


قائم علی شاہ نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو کی دوراندیش بصیرت اور صدر زرداری کے خصوصی احکامات پر صوبے میں فنی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اجلاس میں چار نکاتی ایجنڈے پر تفصیلی غور وخوص کرتے ہوئے حیدرآباد میں پہلی ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل یونیورسٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ ایک لاکھ نوجوانوں کو انٹرن شپ پروگرام کے ذریعے مختلف صنعتوں میں فنی تربیت فراہم کی جائے گی۔ اجلاس میں صوبائی اپرنٹس شپ بل سندھ اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کا بھی فیصلہ بھی کیا گیا۔دریں اثناء وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ راجا پرویز اشرف دلہن نہیں بلکہ منتخب وزیر اعظم ہیں، جب تک ان کی آئینی مدت ہے وہ تب تک وزیر اعظم رہیں گے۔

یہ بات انھوں نے سیہون میں حضرت لال شہباز قلندر کے مزار پر عرس کی اختتامی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صحافی کے اس سوال کے جواب میں کہی کہ پرویز اشرف کتنے دن کی دلہن ہیں؟اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن ، صوبائی وزیر خزانہ سید مراد علی شاہ ، صوبائی وزیر اوقاف ڈاکٹر رفیق احمد بھانبھن ودیگر بھی موجود تھے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ راجا پرویز اشرف کو کوئی بھی غیر جمہوری طاقت ان کے عہدے سے ہٹا نہیں سکتی، لعل قلندر کے 760 ویں عرس کے آخری دن وہ یہاں قلندر کو سلامی دینے ،قوم اور ملک کی خوشحالی کے لیے دعا مانگنے آئے ہیں، درگاہ کے مرمتی اور تزئین و آرائش کا کام ستمبر تک مکمل ہوجائے گا۔

نئی گاج میں طغیانی سے متعلق انھوں نے ڈویژنل کمشنر، ڈپٹی کمشنر جامشورو ودیگر حکام کو ہدایت کی کہ وہ نئی گاج کے علاقے کا دورہ کریں اور سخت نگرانی کے ساتھ متاثرہ افراد کی مدد کو یقینی بنائیں۔قبل ازیں وزیراعلیٰ نے صوبائی وزراء، مشیر اور دیگر کے ہمراہ درگاہ حضرت لال شہباز قلندر کے مزار پر حاضری دے کرچادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔مزار پر حاضری سے قبل انہیں درگاہ کے جاری ترقیاتی کاموں سے متعلق بریفنگ دی گئی جس کے بعد انھوں نے کام کا معائنہ کیا اور درگاہ کے احاطے میں مستحق خواتین میں کپڑے تقسیم کیے۔

Recommended Stories

Load Next Story