عوامی تحریک حکومت اور سیاسی جرگے کا مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق

ہماری پوری کوشش ہے کہ بات چیت کے ذریعے کسی نتیجے پر پہنچ کر جلد قوم کو کوئی خوشخبری دیں، حکومتی رکن احسن اقبال


ویب ڈیسک September 04, 2014
بات چیت کا اگلا دور آج رات 8 بجے ہوگا تاہم ابھی صرف یہ کہا جاسکتا ہے کہ گلاس آدھا بھرا ہوا ہے، احسن اقبال فوٹو: فائل

لاہور:

پاکستان عوا می تحریک، حکومت اور سیاسی جرگے کے رہنماؤں نے مسائل کے حل کے لئے مذاکراتی عمل جاری رکھنے اور بات چیت کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔


اسلام آباد میں عوامی تحریک، حکومت اور سیاسی جرگے کے رہنماؤں کے درمیان مذاکراتی نشست ہوئی جس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے حکومتی رکن احسن اقبال نے کہا کہ آج اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے جرگہ تشکیل دیا گیا جس کا مقصد حکومت اور عوامی تحریک کے درمیان مذاکرات میں تعطل کو دور کرنا تھا، اس حوالے سے آج ہماری ابتدائی بات چیت ہوئی جس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ بات چیت کے عمل کو جاری رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے مذاکرات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا جب تک بات چیت مکمل نہ ہوجائے اس پر تبصرہ نہ کیا جائے کیونکہ کوئی بھی تبصرہ یا قیاس آرائیاں بات چیت کے عمل کو متاثر کرسکتی ہیں۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ بات چیت کے ذریعے کسی نتیجے پر پہنچ کر جلد قوم کو کوئی خوشخبری دیں اور اس سلسلے میں بات چیت کا اگلا دور آج رات 8 بجے ہوگا تاہم ابھی صرف یہ کہا جاسکتا ہے کہ گلاس آدھا بھرا ہوا ہے۔


عوامی تحریک کے صدر رحیق عباسی نے کہا کہ ہمارے بات چیت کے اس سے قبل بھی کئی ادوار ہوئے لیکن بدقسمتی سے ڈیڈلاک برقرار رہا تاہم ہمارا یہی مؤقف رہا کہ ہم مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں بشرط یہ کہ مذاکرات بامعنی اور نتیجہ خیز ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے مذاکرات میں بات چیت کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے اور تمام اراکین اس بات پر بھی متفق ہیں کہ جب تک ان مذاکرات کا کوئی نتیجہ نہیں نکل جاتا کوئی تبصرہ نہ کیا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں