یو ایس اوپن میں ایکٹرینا نے وکٹوریہ آذرنیکا کے چھکے چھڑا دیے

کیرولین ووزینسکی نے سارا ایرانی کو پچھاڑ کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی، ثانیہ مرزا کی ڈبلز مقابلے میں فتح

یو ایس اوپن:ڈنمارک کی کیرولین ووزینسکی اطالوی حریف ساراایرانی کیخلاف پوائنٹ ملنے پرخوشی کا اظہار کر رہی ہیں، وہ سیمی فائنل میں پہنچ گئیں ۔ فوٹو : اے ایف پی

یوایس اوپن کے کوارٹر فائنل میں روس کی ایکٹرینا ماکارووا نے سابق آسٹریلین اوپن چیمپئن وکٹوریا آذرنیکا کے چھکے چھڑا دیے۔

کیرولین ووزینسکی نے سارا ایرانی کو پچھاڑ کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی، فیصلہ کن معرکے میں رسائی کیلیے انھیں چینی پلیئر پینگ شوئی کا چیلنج درپیش ہوگا، راجرفیڈرر، گیل مونفلز، مارن کلک اور ٹوماس بریڈیچ مینز سنگلز کوارٹر فائنلز میں پہنچ گئے، ویمنز ڈبلز میں ثانیہ مرزا اور کارا بلیک کی جوڑی نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی، ولیمز سسٹرز کا قصہ کوارٹر فائنلز میں تمام ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق سیزن کے چوتھے اورآخری گرینڈ سلم یوایس اوپن میں ویمنزسنگلز کوارٹر فائنل میں سابق ورلڈ نمبرون کیرولین ووزینسکی نے سارا ایرانی کو6-0 اور6-1 سے پچھاڑ کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔


فائنل میں جگہ بنانے کیلیے ووزینسکی اب چینی اسٹار پینگ شوئی سے ٹکرائیں گی،وہ کسی بھی گرینڈ سلم ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی تیسری چینی پلیئر بنیں،ان سے قبل لینا اور ژینگ ژائی نے یہ کارنامہ انجام دیا تھا، دوسرے کوارٹر فائنل میں ووزینسکی نے آرتھر ایش اسٹیڈیم میں چلنے والی ٹھنڈی ہواؤں میں جارحانہ انداز اپنائے رکھا، انھوں نے اس مقابلے میں 26 ونرز لگائیں جبکہ سارا نے محض 12 مرتبہ یہ اسٹروک کھیلا، ووزینسکی نے اپنے اس سفر میں چوتھے راؤنڈ میں ماریا شراپووا کوٹھکانے لگایا، اسی طرح سارا ایرانی نے تیسرے مرحلے میں 7 مرتبہ کی گرینڈ سلم چیمپئن وینس ولیمز پر ہاتھ صاف کیا تھا، بیلاروس کی وکٹوریا آذرنیکا کو روس کی ایکٹرینا ماکارووا نے اپ سیٹ شکست دیتے ہوئے سیمی فائنل میں قدم رکھ دیا، ان کی فتح کا اسکور 6-4 اور 6-2 رہا۔ ویمنز ڈبلز میں ولیمز سسٹرز کا سفر کوارٹر فائنل میں ختم ہوگیا، سرینا اور وینس کو روس کی ایکٹرینا ماکارووا اور الینا ویسنینا نے 7-6(7/5) اور 6-4 سے ہرایا۔

اس مقابلے میں سرینا نے پاؤں اور ٹخنے میں پٹیاں باندھ کر حصہ لیا، انھیں کئی مواقع پرانجری ٹائم آؤٹ بھی حاصل کرنا پڑا، ویمنز ڈبلز کے کوارٹر فائنل میں ثانیہ مرزا اور زمبابوین پارٹنر کارا بلیک کے مقابل آنے والی قازقستان کی زرینہ ڈیاس اور چینی کی ژو یی فان ابتدائی سیٹ میں 6-1 سے ناکامی اور پھر دوسرے سیٹ میں 1-0 کے خسارے میں جانے کے بعد مقابلے سے دستبردار ہوگئیں، مکسڈ ڈبلز سیمی فائنل میں ثانیہ اور برازیل کے برونو سواریز کو ہوچنز اورچان یوانگ جین کا مقابلہ درپیش ہوگا۔

مینز سنگلزچوتھے راؤنڈ میں سیکنڈ سیڈ فیڈرر نے روبرٹو بوٹسٹا اگٹ کو6-4، 6-3 اور 6-2 سے شکست دی، 6 سیڈ جمہوریہ چیک کے ٹوماس بریڈیچ نے آسٹریا کے ڈومینک تھیم کو6-1، 6-2 اور6-4 سے زیرکرلیا،7 سیڈ گریگور دیمیتروف کی کہانی گیل مونفلز کے ہاتھوں ختم ہوگئی، فرنچ پلیئر نے یہ مقابلہ7-5، 7-6(8/6) اور 7-5 سے اپنے نام کیا۔
Load Next Story