اسپیکر قومی اسمبلی نے استعفی منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو ارسال کردیا۔ فوٹو: فائل
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پاکستان تحریک انصاف کے صدر جاوید ہاشمی کا اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ منظور کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق جاوید ہاشمی نے بدھ کے روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران اپنے استعفے کا اعلان کیا تھا جسے اسپیکر قومی اسمبلی نے منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو ارسال کردیا جہاں ضروری کارروائی کے بعد حتمی نوٹی فکیشن کا اعلان کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 2013 کے انتخابات میں صدر تحریک انصاف جاوید ہاشمی ملتان کے حلقہ این اے 149 سے منتخب ہوئے تھے جبکہ اس سے قبل جاوید ہاشمی مسلم لیگ(ن) سے منسلک تھے اور وزیراعظم نواز شریف کے گزشتہ دو ادوار میں وفاقی وزیر رہے اور 1999 میں جنرل (ر) پرویز مشرف کی جانب سے نواز شریف حکومت کے خاتمے کے بعد جب شریف برادران ایک معاہدے کے تحت 10 سال کے لئے سعودی عرب گئے تو انہیں پارٹی صدرکا بنا دیا گیا تھا۔