اسٹار پلیئرز رخصت عالمی چیمپئن جرمنی کی چمک ماند پڑ گئی

ارجنٹائن نے دوستانہ میچ میں 4-2 سے شکست دے کر ورلڈ کپ فائنل کا بدلہ چکا دیا، انگلینڈ نے ناروے کو مات دیدی


Sports Desk/AFP September 05, 2014
اوزان تفان نے فاضل وقت میں گیند کو جال کی راہ دکھا کر ترکی کو ڈنمارک پر 2-1 سے کامیابی دلادی، امریکا نے چیک ری پبلک کو ہرادیا۔ فوٹو : اے ایف پی

اسٹار فٹبالرزکے جانے سے عالمی چیمپئن جرمن ٹیم کی چمک ماند پڑگئی۔

ارجنٹائن نے دوستانہ میچ میں 4-2 سے شکست دے کر ورلڈ کپ فائنل کا بدلہ چکا دیا، اینجل ڈی ماریا، سرجیو آگیرو، ایرک لامیلا اور فریڈریکو فرنانڈز نے ایک ایک بار حریف کے دفاع میں شگاف ڈالتے ہوئے نئے کوچ گیرارڈ مارٹینو کو فتح کی سلامی پیش کردی، ناکام ٹیم کی طرف سے آندرے شرل اور ماریو گوئٹز نے گول کیے۔ وین رونی بطور کپتان پہلے امتحان میں سرخرو ہوگئے، انگلینڈ نے ناروے کو 1-0 سے ہرایا، فیصلہ کن گول رحیم اسٹرلنگ نے پنالٹی پر کیا۔

اوزان تفان نے فاضل وقت میں گیند کو جال کی راہ دکھا کر ترکی کو ڈنمارک پر 2-1 سے کامیابی دلادی۔امریکا نے سخت مقابلے کے بعد چیک ری پبلک کو ایک گول سے مات دیدی۔ تفصیلات کے مطابق ارجنٹائن کیخلاف مقابلے سے قبل میزبان جرمن تماشائیوں نے ورلڈ کپ فتح کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے ٹاپ اسکورر میروسلاو کلوز،کپتان فلپ لاہم اور مرٹسیکر کو خیرباد کہا، مقابلے میں میزبان ٹیم کو برازیل میں منعقدہ میگا ایونٹ میں ملک کی نمائندگی کرنے والے پلیئرز میں سے صرف 4 کی خدمات حاصل تھیں،نئے کپتان باسٹن شوینسٹیگر کے انجرڈ ہونے کی وجہ سے قیادت کی ذمہ داری مینویل نوئر کے سپرد کی گئی۔

دوسری جانب ورلڈ کپ کی رنرز اپ ارجنٹائن ٹیم بھی نئے کوچ گیرارڈ مارٹینو کی رہنمائی میں 4 تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اتری،لیونل میسی کی جگہ زیویئر میشرانو کو کپتانی کا موقع ملا،انجری کے سبب میگا ایونٹ کا فائنل کھیلنے سے محروم رہنے والے ڈی ماریا نے ایک حملہ ناکام ہونے کے بعد دوسرا کامیاب بنانے میں اہم کردار نبھایا، انھوں نے کھیل کے 20ویں منٹ میں آگیرو کو پاس دیا جنھوں نے عمدہ کراس پر گول داغ کر ارجنٹائن کو برتری دلادی، پہلا ہاف ختم ہونے سے 5 منٹ قبل ڈی ماریا نے جرمن دفاع کی کمزوری سے فائدہ اٹھاتے ہوئے لامیل کو ایک اور عمدہ پاس دیا،انھوں نے گول کیپر نوئرکو آگے آنے پر مجبور کرتے ہوئے گیند کو گول پوسٹ میں پھینک دیا۔وقفے کے بعد دوسرے ہی منٹ میں ارجنٹائن نے ایک اور کامیاب کوشش سے اسکور 3-0 کردیا،ایک بار پھر ڈی ماریا گول میں حصہ دار بنے،انھوں نے ایک شاندار فری کک کے ذریعے گیند فرنانڈز تک پہنچائی،ان کے ہیڈر نے کسی کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔

ابھی 2 منٹ ہی گزرے تھے کہ ڈی ماریا نے کسی کی معاونت کے بغیر خود ہی گول کرنے کی ٹھان لی اور اس میںکامیاب بھی ہوگئے، چار گول کے خسارے میں جانے کے بعد جرمنی نے زیادہ جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملوں کا آغاز کیا، میچ کے 52ویں منٹ میں کارنر پر شرل نے پہلا گول کیا، ورلڈ کپ فائنل کے ہیرو ماریو گوئٹزے اس بار بھی متبادل کھلاڑی کی حیثیت میں میدان میں اترے، وہ 78ویں منٹ میں ٹیم کا خسارہ کم کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ دوسری جانب لندن میں منعقدہ میچ میں وین رونی بطور کپتان پہلے امتحان میں سرخرو ہوگئے، ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے سے باہر ہونے والی میزبان ٹیم نے ناورے کیخلاف 1-0 سے فتح حاصل کی،اس کامیابی کے بعد انگلش ٹیم نے پانچویں میچ میں بالآخر جیت کا مزا چکھ ہی لیا، فیصلہ کن گول رحیم اسٹرلنگ نے کھیل کے 68ویں منٹ میں پنالٹی پر کیا،انگلینڈ کی پے درپے ناکامیوں سے دلبرداشتہ مقامی شائقین نے کم تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کیا۔

میچ دیکھنے کیلیے 40 ہزار افراد موجود تھے جو نیو ویملے میں7سال میں ٹکٹوں کی کم ترین فروخت کا ریکارڈ ہے۔ پراگ میں امریکا نے چیک ری پبلک کو سخت مقابلے کے بعد ایک گول سے مات دی، فیصلہ کن گول 39 ویں منٹ میں بڈوئیا نے کیا۔ اوزان تفان کے ایکسٹرا ٹائم میں گول نے ترکی کو ڈنمارک پر 2-1 سے کامیابی دلائی،کیف میں ڈینش ٹیم کی جانب سے 34 ویں منٹ میں ایگر نے پنالٹی کک پر گول کیا، ترکی کے مڈفیلڈر شہان نے 55 ویں منٹ میں مقابلہ برابرکردیا، دونوں ٹیموں کے مابین آخری لمحات تک برتری کی جنگ جاری رہی، مقررہ 90 منٹ ختم ہونے کے بعد انجری ٹائم میں اوزان تفان نے گیندکو جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو کامیابی دلا دی۔

ماسکو میں میزبان روس نے آذربائیجان کو 4 گول سے آؤٹ کلاس کیا، کریزاکوونے 2 گول کھیل کے چھٹے اور 12 ویں منٹ میں داغے،ایگناشیووچ نے 41 اور گراناٹ نے 81 ویں منٹ میں گیند جال میں پہنچائی۔ ڈبلن میں آئرلینڈ نے اومان کو 2-0 سے شکست دی، ڈویالے نے پہلے ہاف کے آغاز میں گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جسے پیریسی نے دوسرے ہاف میں دگنا کردیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں