کرکٹ کے فروغ کیلئے راشد لطیف نے چیئرمین کو تجاویز پیش کردیں

میرٹ کی بنیاد پر فیصلے کرتے ہوئے کھلاڑیوں کو جائز مقام دینا چاہیے، سابق کپتان


Sports Reporter September 05, 2014
میرٹ کی بنیاد پر فیصلے کرتے ہوئے کھلاڑیوں کو جائزمقام دینا چاہیے، سابق کپتان۔ فوٹو: فائل

سابق ٹیسٹ کپتان راشد لطیف نے کرکٹ کو فروغ دینے کے لیے چیئرمین پی سی بی شہریارخان کو تجاویز پیش کردیں۔

انھوں نے کہا کہ قومی کرکٹ کے لیے مختصر اور طویل المدتی منصوبے تشکیل دینے کی ضرورت ہے، اگر ان پر سنجیدگی کے ساتھ عمل کیا جائے تو مقاصد کا حصول ممکن ہوگا، چیئرمین پی سی بی شہریار خان سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سابق چیف سلیکٹر نے کہا کہ مدعو کیے جانے پر یہاں آیا تھا، چیئرمین بورڈ سے مختلف معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی، گراس روٹ پر کھیل کی ترقی، ڈومیسٹک مقابلوں کی ساخت اور ڈھانچے میں تبدیلی، جونیئر سطح پر کھیل کے فروغ، قومی کرکٹ سلیکشن کا طریقہ کار اور دیگر امور پر شہر یار خان کو متعدد تجاویز پیش کی ہیں۔

پی سی بی کے چیئرمین ملک میں کرکٹ کی بہتری کے لیے اقدامات میں سنجیدہ نظر آئے، انھوں نے مشوروں کو بغور سنا اور قابل عمل تجاویز پر عمل درآمد کی یقین دہانی بھی کرائی، ایک سوال پر راشد لطیف نے کہا کہ شہریارخان سے ملاقات میں دورۂ سری لنکا میں پاکستان کی ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز میں شکست کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی، البتہ میری خواہش ہے کہ کرکٹ میں موجود خرابیاں دور ہوں، میرٹ کی بنیاد پر فیصلے کیے جائیں۔

کھیل کی ترقی کے لیے احسن انداز میں اقدامات ہوں اور کھلاڑیوں کو ان کا جائزمقام ملے، کرکٹ بورڈ میں ذمہ داری تفویض کیے جانے کے سوال پر سابق ٹیسٹ کپتان نے کہا کہ اس ضمن میں ماضی میں بھی متعدد آفرز کی جاتی رہی ہیں، فی الحال کوئی نئی ذمہ داری قبول کرنے کے فیصلے کا اظہار قبل از وقت ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں