پاکستان اسٹیل میں بدعنوانی کے 9مقدمات نیب عدالت منتقل

سپریم کورٹ نے مقدمات نیب کے حوالے کرنیکا حکم دیاہے،پراسیکیوٹر نیب کی درخواست منظور.

سپریم کورٹ نے مقدمات نیب کے حوالے کرنیکا حکم دیاہے،پراسیکیوٹر نیب کی درخواست منظور. فوٹو: فائل

لاہور:
انسداد بدعنوانی کی وفاقی عدالت کی جج تسنیم سلطانہ نے اسٹیل ملز میں بدعنوانی کے کیس کی منتقلی سے متعلق چیئرمین نیب کی جانب سے دائر درخواست منظور کرلی او ر اسٹیل مل کے سابق چیئرمین معین آفتاب شیخ سمیت دیگر کیخلاف بدعنوانی کے 9 مقدمات نیب عدالت میں منتقل کردیے ہیں۔


تفصیلات کے مطابق نیب کے چیئرمین نے پراسیکیوٹر نیب کے توسط سے ضابطہ فوجداری کی ایکٹ 6-A (A) رول 1999کے تحت دائر درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ سپریم کورٹ نے اسٹیل ملزکیس کی ناقص تفتیش پرعدم اعتماد اور ایف آئی اے حکام پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے اور تمام مقدمات نیب کے حوالے کرنیکا حکم دیا ہے۔ سماعت کے موقع پر ملزمان کے وکلاء نے اپنے دلائل میں عدالت کو بتایا کہ عدالت عظمیٰ نے ایف آئی اے سے تفتیش منتقل کرنیکی ہدایت کی ہے مقدمات نہیں جبکہ نیب نے سیکشن 9سے متعلق کوئی شواہد عدالت میں پیش نہیں کیے تاہم فاضل عدالت نے طرفین کے وکلاء کے حتمی دلائل سننے کے بعد وکلائے صفائی کی استدعا مسترد کردی۔

ایف آئی اے کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق سابق چیئرمین معین آفتاب شیخ نے 28مئی2008ء سے 8 اگست 2009ء کے دوران اپنے اختیارات کا ناجائر فائدہ اٹھایا اور سابق ایم ڈی رسول بخش بھلپوٹو، سابق دائریکٹر کمرشل ثمین اصغر، عباس اسٹیل کی انتظامیہ میں شامل ملک بشیر، ثمین سکینہ اور خالد خان کی ملی بھگت سے خام مال کی خریداری میں اربوں روپے کمیشن وصول کیا اور قومی ادارے کو 22ارب روپے کا نقصان پہنچایا، دوسرے مقدمے میں سابق چیئرمین معین آفتاب نے ڈیلر دیوان ابوعبیدہ فاروقی، محمد دیوان ربانی فاروقی، محمد رفیق اور احمد حسن کو پروڈکٹ عام مارکیٹ سے نہایت سستے نرخوں میں فروخت کرکے لاکھوں روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔
Load Next Story