طوفانی بارشوں کے باعث پنجاب اور کشمیرمیں ہلاکتوں کی تعداد 80 سے تجاوز کرگئی درجنوں مکانات منہدم

راولپنڈی میں سیلابی ریلہ اڈیالہ اور چونترہ کے دیہاتوں میں داخل، پاک فوج کے غوطہ خور امدادی کارروائیوں میں مصروف


ویب ڈیسک September 05, 2014
دریائے چناب میں اونچے درجے کے سیلاب کے باعث قریبی دیہات خالی کرا لئے گئےہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

پنجاب بھر میں طوفانی بارشوں کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 80 سے تجاوز کرگئی جب کہ دریائے چناب اور جہلم میں اونچے درجے کے سیلاب کے باعث سیکڑوں ایکڑ اراضی زیر آب آ گئی ہے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب بھر میں گزشتہ 30 گھنٹوں سے جاری طوفانی بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 80 سے زائد افراد جاں بحق جب کہ درجنوں زخمی ہو چکے ہیں، شدید بارشوں کے بعد دریائے چناب اور جہلم میں اونچے درجے کے سیلاب کے باعث سیکڑوں ایکٹر اراضی زیر آب آ گئی ہے جب کہ ارد گرد کے دیہات خالی کرا لئے گئے ہیں، ضلعی انتظامیہ نے فلڈ ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دیں ہیں۔

سیالکوٹ میں دریائے چناب میں اونچے درجے کا سیلاب ہے جب کہ ایکسیئن ایری گیشن کا کہنا ہے کہ بھارت نے اکھنور میں 8 لاکھ کیوسک کا ریلہ چھوڑ دیا ہے، ہیڈ مرالہ سے 4 لاکھ91 ہزار کیوسک کا ریلہ گزر رہا ہے جب کہ سیالکوٹ میں نالہ ایک سے 20 ہزار کیوسک کا ریلہ گرز رہا ہے۔

راولپنڈی میں بھی شدید بارشوں کے باعث دریائے سواں میں طغیانی آ گئی جس کی وجہ سے راول ڈیم کے اسپل وے کھول دیئے گئے جب کہ اونچے کا سیلابی ریلہ اڈیالہ اور چونترہ سے دیہاتوں میں داخل ہو گیا جس کی وجہ سے لوگ اپنے گھروں میں پھنس کر رہ گئے، دریائے سواں کے قریب کچی آبادیاں پانی میں بہہ گئیں۔ ڈی سی او راولپنڈی ساجد ظفر ڈال کا کہنا ہے کہ شہر میں ایمرجنسی نافذ ہے جب کہ پاک فوج کی ٹرپل ون بریدیگیڈ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے۔ محکمہ موسمیات حکام کا کہنا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ 2 سے 3 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

 

دوسری جانب طوفانی بارشوں کے باعث آزاد کشمیر میں بھی مختلف حادثات میں 15 افراد جاں بحق جب کہ 35 زخمی ہو چکے ہیں، مظفر آباد میں دریائے نیلم، دریائے جہلم اور دریائے پونچھ میں بھی اونچے درجے کا سیلاب ہے جب کہ ہنگامی حالت نافذ کر کے دریاؤں کے کنارے آباد بستیاں خالی کرا لی گئی ہیں، دریاؤں میں طغیانی کے باعث مظفر آباد کا دوسرے علاقوں سے زمینی ربطہ کٹ گیا ہے۔ آزاد کشمیر کے علاقے ہجیرہ میں پوٹھی چھپریاں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلے کے باعث 500 افراد پھنس گئے، پھنسے افراد میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔