داعش کو تاوان کی ادائیگی شکست تسلیم کرنے کے مترادف ہو گا ڈیوڈ کیمرون

تاوان کی رقم داعش کے ہاتھ لگ گئی تو وہ اس سے اسلحہ خریدیں گے اور پھر مزید لوگوں کو اغوا کریں گے، ڈیوڈ کیمرون


ویب ڈیسک September 05, 2014
گزشتہ برس جی ایٹ کی طرف سے دستخط کی گئی دستاویز کی خلاف ورزی کے واقعات شکست تسلیم کرنے کے مترادف ہیں، برطانوی وزیراعظم۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کا کہنا ہے کہ عراق اور شام میں حکومت کے خلاف بر سر پیکار تنظیم دولت اسلامی عراق و شام ( داعش) کو تاوان کی ادائیگی شکست کو تسلیم کرنے کے مترادف ہو گا۔


غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈیوڈ کیمرون نیٹو رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ داعش کے خلاف اعلامیے پر آپ کے دستخط مسئلہ حل نہیں ہو گا بلکہ اغوا کاروں کو رقم کی ادائیگی کی اجازت نہ دی جائے کیونکہ اگر یہ رقم داعش کے ہاتھ لگ گئی تو اس سے وہ اسلحہ خریدیں گے اور اس اسلحے سے مزید لوگوں کو اغوا کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس جی ایٹ کی طرف سے دستخط کی گئی دستاویز کی خلاف ورزی کے واقعات سامنے آنا مکمل طور پر شکست تسلیم کرنے کے مترادف ہے تاہم انھوں نے جی ایٹ دستاویز کی خلاف ورزی کرنے والے مما لک کے نام ظاہر نہیں کئے۔

دوسری جانب برطانوی اخبار گارجین کے مطابق فرانس، سپین اور اٹلی نے حالیہ دنوں میں جی ایٹ ممالک کی دستاویز کی خلاف ورزی کی ہے۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق داعش نے اب تک ڈیرھ ارب ڈالر اغوا کاری سے کما چکی ہے جب کہ اس کا یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

واضح رہے کہ داعش نے ایک سال قبل شام سے اغوا کی گئی امریکی خاتون کی رہائی کے بدلے 66 لاکھ امریکی ڈالر اور عافیہ صدیقی کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے جب کہ داعش 2 امریکی صحافیوں کو قتل کر کے ان کی ویڈیو بھی جاری کر چکی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔