ایف بی آر نے بورڈ ان کونسل کا اجلاس بدھ کو طلب کرلیا

آڈٹ، سرکاری رہائش، پرفارمنس الاؤنس پالیسیوں اور معاشی نمو پروگرام کی منظوری متوقع


Irshad Ansari September 06, 2014
چیف کوآرڈینیٹر ڈیٹا سینٹر کا عہدہ اپ گریڈ، ڈی جی براڈننگ ٹیکس بیس کا نام بدلنے پر غور ہوگا۔ فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی بورڈ ان کونسل بدھ کو آڈٹ پالیسی 2014 کی منظوری دے گی جبکہ برطانوی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی(ڈی ایف آئی ڈی) کے تحت اقتصادی استحکام اور گروتھ میں اضافے کے پروگرام کی منظوری بھی دیے جانے کا امکان ہے۔

''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق ایف بی آر نے 8 نکاتی ایجنڈے کا جائزہ لینے کے لیے بورڈ ان کونسل کا اجلاس 10 ستمبر کی صبح 11 بجے طلب کرلیا ہے، چیئرمین ایف بی آر طارق باجوہ کی زیر صدارت بورڈ ان کونسل کے اجلاس میں آڈٹ پالیسی 2014 کی منظوری دی جائے گی جس کے تحت ٹیکس ایئر 2013 کے لیے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والے ٹیکس دہندگان میں سے 15 فیصد ٹیکس دہندگان کو بے ترتیب کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے آڈٹ کے لیے منتخب کیا جائے گا اور جو لوگ آڈٹ کے لیے منتخب ہوں گے ان کا ریکارڈ چیک کیا جائے گا۔

دستاویز کے مطابق بورڈ ان کونسل کے اجلاس میں ایف بی آر کے ملازمین و افسران کو سرکاری رہائش کی الاٹمنٹ کے بارے میں بھی پالیسی کی منظوری دی جائے گی، علاوہ ازیں بورڈ ان کونسل کی طرف سے ایف بی آر کے ملازمین و افسران کو بنیادی تنخواہ کے 100 فیصد کے برابر پرفارمنس الائونس کی فراہمی کے لیے بھی پالیسی میں ترامیم کرنے کی منظوری دی جائے گی تاکہ صرف اہل افسران و ملازمین کو کارکردگی الاؤنس مہیا کیا جاسکے اور پرفارمنس الاؤنس کے غلط استعمال کو روکا جا سکے۔

اس کے علاوہ ڈیٹا پراسیسنگ سینٹر کے چیف کوآرڈینیٹر کے عہدے کو اپ گریڈ کر کے ڈائریکٹر جنرل ڈیٹا پراسیسنگ سینٹر کا درجہ دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، علاوہ ازیں ڈائریکٹر جنرل براڈننگ آف ٹیکس بیس کے عہدے کا بھی نام تبدیل کرنے کا جائزہ لیا جائے گا، بدھ کو ہونے والے بورڈ ان کونسل کے اجلاس میں کسٹمز ڈپارٹمنٹ کی فیلڈ فارمشنز کے سربراہان کو ملازمین کے خلاف انضباطی کارروائی اور تحقیقات کرنے کے اختیارات بھی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں