کیش وین لوٹنے والے 3 ڈاکو گرفتار ایک کروڑ 24 لاکھ روپے برآمد

ڈاکوؤں کے ساتھی کیش وین کے ڈرائیور سے تفتیش کی گئی، انکشاف پر دیگر ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ایڈیشنل آئی جی

ایڈیشنل آئی جی کراچی پریس کانفرنس میں گرفتار ملزمان سے برآمد اسلحہ اور نقدی صحافیوں کو دکھائی جارہی ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

شیر شاہ پولیس نے ماڑی پور اور ساؤتھ زون کی پولیس کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے شیر شاہ میں جمعرات کو نجی سیکیورٹی کمپنی کی کیش وین سے ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد کی رقم لوٹ کر فرار ہونے والے مزید2 ملزمان کو گرفتار کر کے ایک کروڑ 24 لاکھ روپے سے زائد رقم اور اسلحہ برآمد کرلیا۔

ملزمان کے ایک ساتھی کیش وین کے ڈرائیور کو واقعے کے بعد حراست میں لے کر شامل تفتیش کیا تھا جس کے انکشافات پر دیگر ملزمان کی گرفتاری عمل میں آئی،ملزمان نے واردات کے دوران اپنے ہی ساتھی سیکیورٹی گارڈ کو فائرنگ کر کے ہلاک کردیا تھا،ملزمان کا تعلق نجی سیکیورٹی کمپنی سے ہے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے پولیس ہیڈ آفس میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ فونکس سیکیورٹی کمپنی کی کیش وین جو کہ جمعرات کو شیر شاہ کے علاقے پراچہ چوک پر نجی بینک میں کیش کی ترسیلات پر مامور تھی اپنے ہی سیکیورٹی گارڈز کے ہاتھوں لٹ گئی تھی، 5ملزمان کے ایک گروہ نے ایک کروڑ 56 لاکھ 50 ہزار روپے لوٹے بلکہ اپنے ایک ساتھی نور خان کو قتل کر دیا تھا۔


جمعرات کو شام ساڑھے 4 بجے واردات کی اطلاع موصول ہوئی تھی جس پر انھوں نے ڈی آئی جی ساؤتھ، ایس ایس پی سٹی، ایس پی کیماڑی، ایس ڈی پی او شیر شاہ، ایس ایچ او شیر شاہ اور ایس ایچ او ماڑی پور سمیت پولیس ٹیم متحرک کر دی جس نے 12 گھنٹے میں 3 ملزمان بشمول ڈرائیور رفیع اﷲ ، ملزم ریاض اور گل فیاض کو گرفتار کر کے لوٹی گئی کل رقم میں سے ایک کروڑ 23 لاکھ 24 ہزار850 روپے برآمد کرلی، جبکہ گرفتار ملزمان کے 2 ساتھی ملزم عابد اور سلیم عرف فوجی کے گھر پر چھاپے مارے گئے مگر ان کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ، انھوں نے بتایا کہ فونکس کمپنی کا سیکیورٹی گارڈ نور محمد جو اسی واردات میںگروہ کے ہاتھوں قتل ہوگیا تھا، آلہ قتل پستول برآمد کر لیا گیا۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبونے بتایا کہ اسی گروہ نے 23 ستمبر 2011 میں کورنگی انڈسٹریل ایریا کے علاقے میں اپنے دیگر ساتھیوں رمضان ، صفیع اﷲ ، سدھیر ، میر زمان ، محبوب، عثمان اور اعجاز کے ساتھ مل کر کیش وین لوٹی تھی جس میں ڈیڑھ کروڑ روپے تھے ، ملزمان کے مزید ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں ، گرفتار ملزمان سے مزید انکشافات متوقع ہیں۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے کامیاب کارروائی کرنے پر پولیس پارٹی کو پریس کانفرنس کے دوران ہی 2 لاکھ روپے انعام دیتے ہوئے بتایا کہ آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے مذکورہ پولیس پارٹی کو 10 لاکھ روپے نقد انعام دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ پریس کانفرنس میں موجود فونکس سیکیورٹی کمپنی کے نمائندے میجر شاہد اقبال نے پولیس پارٹی کے لیے 3 لاکھ روپے کا اعلان کیا ہے۔

پولیس کی جانب سے شہر کی بڑی واردات کے بعد ملزمان کو پکڑنے کے لیے پہلی بار تیزترین کامیاب کارروائی کی گئی۔
Load Next Story