پاک بھارت کرکٹ روابط ممبئی کا واقعہ بڑی رکاوٹ ہے چیئرمین

مسئلہ حل ہونے تک دونوں ممالک میں مقابلوں کا آغاز ہونا مشکل نظر آتا ہے

مسئلہ حل ہونے تک دونوں ممالک میں مقابلوں کا آغاز ہونا مشکل نظر آتا ہے ۔ فوٹو : محمد ثاقب/ ایکسپریس

KARACHI:
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین شہریار خان نے پاک بھارت کرکٹ کی بحالی خود ہی ممبئی حملوں کا معاملہ حل ہونے سے مشروط کردی۔


ان کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں غیر ملکی ٹیموں کے پاکستان آنے کی امید نہیں کی جا سکتی۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران انھوں نے کہا کہ بھارت کے تجارتی حب کی حیثیت رکھنے والے شہر ممبئی میں 2008 کو ہونے والی دہشت گردی کے واقعات کے بعد پاکستان کو مورد الزام ٹھہرایا گیا، جب تک یہ مسئلہ حل نہیں ہو جاتا دونوں ممالک کے مابین کرکٹ کا آغاز ہونا مشکل نظر آتا ہے۔

پی سی بی اور بی سی سی آئی کے درمیان 8 برس میں 6 سیریز کے معاہدے کے مطابق پاکستان کو آئندہ برس دسمبر میں میزبانی کرنی ہوگی، البتہ اس پر عمل درآمد کے لیے بھارتی حکومت کی جانب سے کلیئرنس ضروری ہے، بورڈ کے چیئرمین نے کہا کہ پاک بھارت کرکٹ میں ممبئی کا واقعہ سب سے بڑی رکاوٹ ہے، دونوں ملکوں کے درمیان سرحدوں پر کشیدگی تو رہتی ہی ہے لیکن اس واقعے کے بعد بھارتی عوام میں شدید اشتعال ہے، جلد ہی پڑوسی ملک کا دورہ کرکے کرکٹ بورڈ کے ساتھ دیگر حکام سے بھی ملاقاتیں کروں گا۔
Load Next Story