بادشاہ نہیں بنوں گا کارپوریٹ کلچر لائینگے چیئرمین بورڈ

میری آڑ میں نجم سیٹھی اور دیگر کے پی سی بی معاملات چلانے کا تاثر درست نہیں


Sports Reporter September 06, 2014
ڈاؤن سائزنگ میں کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی، شہریار خان کا اعلان فوٹو: فائل

KARACHI: شہر یار خان کا کہنا ہے کہ منتخب چیئرمین کی حیثیت سے کام شروع کردیا، سب جان لیں گے کہ پی سی بی کا نظام کون چلا رہا ہے۔

البتہ میں بادشاہ نہیں بنوںگا، پہلے بورڈ بیوروکریسی کے زیر اثر رہا،اب معاملات جمہوری انداز میں چلانا ہونگے، ہم کارپوریٹ کلچر بھی لائینگے۔ تفصیلات کے مطابق شہر یار خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ ان کی آڑ میں نجم سیٹھی اور دیگر پی سی بی معاملات چلائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ میں بورڈ کا منتخب چیئرمین ہوں اور جلد سب کو معلوم ہوجائیگا کہ امور کون چلا رہا ہے، البتہ میں بادشاہ نہیں بنوں گا، بورڈ کا آئین تیار ہو چکا جسے سپریم کورٹ نے بھی دیکھا ہے، اسی کے مطابق چلیں گے، انھوں نے کہا کہ پی سی بی بیوروکریسی کے زیر اثر رہا، اب جمہوری انداز ہوگا اور کارپوریٹ کلچر لائیں گے۔

کسی سے ناانصافی نہیں کی جائے گی، میرٹ پر فیصلے کریں گے، اخراجات میں کمی لائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ گورننگ بورڈ کے 2 اجلاس ہو چکے، اگلی میٹنگ میں جمہوری انداز میں فیصلے کریں گے، ہر معاملہ گورننگ باڈی کے سامنے لایا جائے گا، سابق چیئرمین نجم سیٹھی کی تشکیل کردہ ایگزیکٹیو کمیٹی اپنی ذمہ داری ادا کرے گی، میں اسی کمیٹی کے ذریعے کام چلاؤں گا،تاہم اس سے بطور چیئرمین میری پوزیشن پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔ شہریار خان نے اپنے 7 نکاتی پروگرام کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ احتساب، شفافیت، جمہوری انداز اور ڈسپلن کا قیام میری ترجیحات ہیں۔

ڈاؤن سائزنگ سمیت دیگر امور پر گورننگ بورڈ اور ماہرین سے رائے لے کر اقدامات کرینگے، بورڈ میں ملازمین کی بہتات ہے،ان کی سالانہ کارکردگی تیار کرنے کا دستور ہی موجود نہیں، سفارشی کلچر سے زیادہ نقصان ہوا، ہمیں ڈاؤن سائزنگ کرنا پڑے گی لیکن اس میں کسی کیساتھ ناانصافی نہیں ہوگی۔ اس موقع پر گورننگ بورڈ کے رکن اقبال قاسم، پروفیسر اعجاز فاروقی، ڈائریکٹر میڈیا امجد حسین بھٹی اور جنرل منیجر میڈیا آغا اکبر بھی موجود تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں