یو ایس اوپن میں ثانیہ مرزا نے مکسڈ ڈبلز کا ٹائٹل سر پر سجا لیا

ڈبلز میں سفر ختم، مارٹینا ہنگز کی 12 برس بعد کسی بڑے ایونٹ کے فائنل میں رسائی، فیڈرر سیمی فائنل میں پہنچ گئے

یو ایس اوپن: مکسڈ ڈبلز کی فاتح جوڑی ثانیہ مرزا اور برونو سواریز کا ٹرافی تھامے پوز، انھوں نے فائنل میں ایبیجیل اسپیئرز اور سانتیاگو گونزالز کو شکست دی۔ فوٹو : اے ایف پی

بھارتی ٹینس کوئن ثانیہ مرزا نے یوایس اوپن مکسڈ ڈبلزکا ٹائٹل اپنے سر پر سجالیا، وہ پہلی مرتبہ نیویارک میں چیمپئن بننے میں کامیاب رہیں۔

ان کی فتح میں برازیل کے برونو سواریز بھی شریک رہے، ثانیہ اس سے قبل 2009 میں آسٹریلین اوپن اور 2012 میں فرنچ اوپن مکسڈ ڈبلز ٹائٹلز بھی اپنے نام کرچکی ہیں، ویمنز ڈبلز میں ثانیہ اور کارا بلیک کا سفر سیمی فائنل میں ختم ہوگیا، سوئس مس مارٹینا ہنگز نے 12 برس بعد کسی بڑے ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کی، ان کی جوڑی دار فلاویا پنیٹا ہیں، راجرفیڈرر اور مارن کلک نے مینز سنگلز سیمی فائنل میں جگہ بنالی، کوارٹر فائنل میں گیل مونفلز اور ٹوماس بریڈیچ کو شکست کا سامنا رہا۔


تفصیلات کے مطابق سیزن کا چوتھا اورآخری گرینڈ سلم یوایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ اختتامی مراحل میں داخل ہوگیا، مسکڈ ڈبلز فائنل میں بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور برازیلین پارٹنر برونو سواریز نے امریکا کی ایبیجیل اسپیئرز اور میکسیکن پلیئر سانتیاگو گونزالز پر غلبہ حاصل کرلیا، ان کی جیت کا اسکور 6-1، 2-6 اور 11-9 رہا، ویمنز ڈبلز سیمی فائنلز میں سابق سوئس مس مارٹینا ہنگز نے12 برس بعد کسی بڑے ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنالی، 33 سالہ ہنگز اور ان کی اطالوی پارٹنر فلاویا پنیٹا نے یوایس اوپن کے ویمنز ڈبلز سیمی فائنل میں 3 سیڈ جوڑی ثانیہ مرزا اور کارا بلیک کو 6-3 اور 6-4 سے مات دی۔

فورتھ سیڈ روسی جوڑی ایکٹرینا ماکارووا اور الینا ویسنینا نے جاپان کی کیمکو ڈیٹ کروم اور باربورا زالووا اسٹرائیکووا کو 7-5 اور 6-3 سے شکست دیدی، مینز سنگلز کوارٹر فائنلز میں راجر فیڈرر نے ابتدائی 2 سیٹ ہارنے کے باوجود فرنچ حریف گیل مونفلز کو مات دیکر9ویں مرتبہ یوایس اوپن کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی، انھیں اب کروشیا کے مارن کلک سے ٹکرانا ہوگا، جنھوں نے کوارٹر فائنل میں ٹوماس بریڈیچ کی چھٹی کردی۔

مینز ڈبلز سیمی فائنلز میں ٹاپ سیڈ امریکی برادران باب اور مائیک نے ہموطن اسکاٹ لپسکی اور راجیورام کو 6-4، 4-6 اور6-3 سے ہرادیا، فائنل تک رسائی کے دوسرے معرکے میں اسپینش پلیئرز مارسیل گرینولرز اور مارک لوپز نے کروشیا کے ایوان ڈوڈگ اور برازیل کے مارسیلو میلو کو 6-4 اور 6-4 سے قابو کرلیا۔
Load Next Story