دورۂ آسٹریلیا میں فتح کا لفظ پاکستانی ویمنز کی ڈکشنری سے غائب

ون ڈے کے بعد ٹوئنٹی 20 میں بھی کینگروز کا کلین سویپ، لیننگ نے 46 رنز بنائے


Sports Desk September 06, 2014
گولڈ کوسٹ: آسٹریلیا کیخلاف چوتھے ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل میں پاکستانی بیٹسویمن مرینہ اقبال کا اسٹریٹ ڈرائیو، انھوں نے 38 رنز بنائے ۔ فوٹو : ایکسپریس

KARACHI: دورۂ آسٹریلیا میں فتح کا لفظ پاکستانی ویمنز ٹیم کی ڈکشنری سے غائب رہا، ون ڈے کے بعد ٹوئنٹی 20 سیریز میں بھی کلین سویپ مقدر بن گیا۔

چوتھے اور آخری میچ میں گرین شرٹس کو 20 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا،میزبان نے میگ لیننگ کے ناقابل شکست 46 اور ایلسی ویلانی کے 42 رنز کی بدولت 3 وکٹ پر 140 کا مجموعہ پایا، مہمان بیٹنگ لائن 6 وکٹ پر 119 تک محدود رہی۔ تفصیلات کے مطابق سیریز کے آخری ٹوئنٹی 20 میچ میں 140 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستان کی پہلی وکٹ ابتدائی اوور میں گرگئی، کانیتا جلیل نے بغیر کھاتا کھولے جولی ہنٹر کی گیند پر ایلسی ویلانی کو کیچ دیدیا، مرینہ اقبال نے 38 رنز کی اننگز کے دوران بسمہ معروف کے ہمراہ دوسری وکٹ کیلیے 59 رنز کی شراکت سے فتح کی امید جگائی، وہ ڈیلیسا کیمائنس کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوئیں، اس کے بعد بھی ہدف کی طرف سفر جاری رہا، آخری 5 اوورز میں 40 رنز درکار تھے لیکن بسمہ معروف (39) کو ایرن اوسبورن نے وکٹ کیپر ایلیسا ہیلی کی مدد سے چلتا کرکے مہم کمزور کردی۔

رینی فیرل نے نین عابدی (19) کو میدان بدر کرنے کیلیے میگ لیننگ کا سہارا لیا، کپتان ثنا میر نے 10رنز کی اننگز کے دوران وکٹ سنبھالے رکھی لیکن اسماویہ اقبال 5 رنز بناکر ساتھ چھوڑ گئیں،انہیں ڈیلیسا کیمائنس نے ایرن اوسبورن کا کیچ بنوادیا، ندا ڈار نے آخری اوور میں 3 پر وکٹ گنوائی، قومی ٹیم کی کوشش 6 وکٹ پر 119 رنز تک محدود رہی۔اس سے قبل آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا،ایلسی ویلانی 42 رنز بناکر انعم امین کی گیند پر بولڈ ہوئیں تو مجموعی اسکور 64 تھا، بعد ازاں میگ لیننگ نے 28 گیندوں پر 46 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلتے ہوئے باقی 10 اوورز میں ٹیم کا ٹوٹل 139 تک پہنچادیا،اس دوران ڈیلیسا کیمائنس 28 رنز پر بسمہ معروف کی وکٹ ثابت ہوئیں،کیچ ثنا میر نے لیا، ایلیسی پیری(12) کو اسماویہ اقبال نے مرینہ کی مدد سے آؤٹ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں