’’ایکسپریس میڈیا گروپ‘‘ کے تعاون سے محفل موسیقی شیر میاں داد غلاب عباس کی شاندار پرفارمنس

مہم کا مقصد والدین میں بڑھتی عمر کے بچوں کو ذہنی و جسمانی مسائل پر رہنمائی فراہم کرنا ہے تاکہ بہتر معاشرہ۔۔۔، جگن کاظم


Showbiz Reporter September 07, 2014
لاہور: ایکسپریس میڈیا گروپ کے تعاون سے آگاہی مہم’’عہد‘‘ کے دوران غزل گائیک غلام عباس اور شیر میانداد پرفارم کر رہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

''ایکسپریس میڈیا گروپ'' کے تعاون سے بڑھتی عمر کے نوجوانوں کے مسائل کے بارے میں آگاہی پھیلانے کا عزم لیے قومی آگاہی مہم '' عہد'' نے گزشتہ روز لاہور کے مقامی ہوٹل میں ایک پروقار محفلِ موسیقی کا اہتمام کیا ۔

جس میں بین الاقوامی شہرت یافتہ غزل گائیک غلام عباس اورقوال شیر میاں داد نے اپنے فن کے جوہر دکھائے اور حاضرین سے بے پناہ داد وصول کی۔ پروگرام کی میزبانی کے فرائض جگن کاظم نے انجام دیے۔ تقریب میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی مختلف شخصیات نے شرکت کی جب کہ شوبز کی معروف شخصیات میں پاکستان کے نامور مصنف شاہد محمود ندیم، ہدایتکار کاشف نثار، نعمان اعجاز، کامران مجاہد اورنروان ندیم شامل تھے۔

جگن کاظم نے '' عہد'' کا تعارف کرتے ہوئے حاضرین کو بتایا کہ ''عہد'' ایک ملک گیر آگہی مہم ہے جس کا مقصد والدین اور نگرانوں میں اپنے بڑھتی ہوئی عمر کے بچوں اور بچیوں کو پیش آنے والے مختلف ذہنی اور جسمانی مسائل پر مناسب اور بروقت رہنمائی فراہم کرنا ہے۔



جگن کاظم کا کہنا تھا کہ بڑھتی عمر کے نوجوانوں کے بنیادی مسائل مثلاً ہم عصروں کا غیر متوازن دباؤ، جنسی استحصال، ایچ آئی وی اور ایڈز، نشہ اور ہیپٹائٹس کے بارے میں درست اور بروقت معلومات کی عدم دستیابی کی وجہ سے نوجوان مختلف مسائل کا شکار ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے معاشرہ عدم استحکام سے دوچار ہو سکتا ہے۔ اگر والدین اور نگران ان معاملات پر اپنے بچوں کو مناسب اور بروقت معلومات فراہم کر دیں تو معاشرے کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔



تقریب میں جہاں شرکاء کو معلومات فراہم کی جارہی تھی، وہیں غزل گائیک غلام عباس اورشیر میانداد نے اپنی بہترین پرفارمنس سے حاضرین کے دل موہ لیے۔ پلے بیک سنگر اور غزل گائیک غلام عباس نے اپنی پرفارمنس کے دوران شہنشاہِ غزل مہدی حسن کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی کئی مشہورغزلیں گائیں اور حاضرین سے بے پناہ داد وصول کی۔ اس موقع پر غلام عباس کا کہنا تھا کہ وہ عہد مہم کے موقف جس میں والدین اور نگرانوں کو اپنے بچوں کو رہنمائی کی ترغیب دینے پر زور دیا گیا ہے کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اپنے بچوں کو بروقت اور مناسب رہنمائی فراہم کر کے ہم انھیں ایک پر اعتماد شہری بننے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ شیر میانداد کا کہنا تھا کہ ایسی مہم کو بھرپور انداز سے ملک کے کونے کونے تک پہنچانا چاہیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں