یوم دفاع جنگی سازو سامان کی نمائشوں میں عوام کی دلچسپی

مساجد میں خصوصی دعائیں مانگی گئیں، دن کے آغاز پر توپوں کی سلامی دی گئی، مزار قائد پر گارڈز کے فرائض ایئرفورس کے۔۔۔


Staff Reporter September 07, 2014
یوم دفاع پر ملیر چھاؤنی میں سامان حرب کی نمائش کے دوران بچے ٹینک پر کھڑے ہیں۔ فوٹو : محمد عظٰیم / ایکسپریس

کراچی میں ہفتہ کو یوم دفاع جوش وجذبے سے منایا گیا، یوم دفاع پر شہر کی مساجد میں خصوصی دعائیں مانگی گئیں، دن کے آغاز پر توپوں کی سلامی دی گئی۔

مزار قائد پر گارڈ کے فرائض ایئرفورس کے چاق وچوبند دستے نے سنبھالے، یوم دفاع پر فوجی گیریژن اور کنٹونمنٹ میں خصوصی تقاریب اور حربی سازو سامان نمائشوں کا اہتمام کیا گیا جن میں شہریوں نے گہری دلچسپی ظاہر کی، تفصیلات کے مطابق شہر میں یوم دفاع 6 ستمبر کو شہر میں پاکستان کے دفاع کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہدا کی یاد میں تقاریب منعقد ہوئیں اس دن کے حوالے فوجی نمائشوں کا اہتمام کیا گیا، ملک کے بہادر سپوتوں کے نام آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی جانب سے اہم پیغام پڑھ کر سنایا گیا، مزار قائد پر مسلح افواج کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔

یوم دفاع پر مزار قائد پر گارڈز کے فرائض پی اے ایف اکیڈمی رسالپور کے چاق وچوبند دستے نے سنبھالے، پاک فضائیہ کا دستہ 96 جوانوں پر مشتمل تھا جن میں 4 خواتین کیڈٹ بھی شامل تھیں،گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کے مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل عاصم ظہیر نے مزار قائد پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی، تقریب میں پاک فضائیہ کے دستے نے سلامی پیش کی اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، پاک بحریہ نے بھی یوم دفاع پاکستان عقیدت اور احترام سے منایا چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد آصف سندیلہ نے اپنے پیغام میں غازیوں اور شہیدوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ گزرتے وقت کے ساتھ پاکستان نیوی ایک مضبوط بحری قوت بن چکی ہے۔

یوم دفاع کی تقریبات کا آغاز نیوی کی تمام مساجد میں ملکی استحکام اور سالمیت کی خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوا جس کے بعد شہدا کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی کی گئی، پاکستان نیوی ڈاکیا رڈ میں شہدا کی یادگاروں پر پھول چڑھائے گئے، شہدا کی یادگاروں پر پھول چڑھانے کی تقریبات منعقد ہوئیں، کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پی این ایس آبدوز گراؤنڈ میںسب میرین غازی کے شہدا کی یادگار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی، پاک بحریہ کی تمام یونٹوں میں پرچم کشائی کی تقریبات ہوئیں اور عمارتوں اور جہازوں پر چراغاں کیا گیا، ملیر کینٹ میں 6 ستمبر 1965 کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلیے تقریب منعقد ہوئی، تقریب کے مہمان خصوصی ملیر چھاؤ نی کے گیریژن کمانڈر میجر جنرل محمد نعیم اشرف تھے، اس موقع پر دفاعی سامان کی نمائش ہوئی جس میں ٹینک، بکتر بند گاڑیاں، مشین گنیں، اینٹی ایئرگرافٹ گنیں، ریڈار شامل تھے۔

 



ایک روزہ نمائش میں فوجی افسران، جوانوں، پاک فوج کے شہدا کے اہل خانہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے فوجی سازوسامان کی نمائش میں شرکت کی، میجر جنرل محمد نعیم اشرف نے کہا کہ پاکستانی فوج ہر طرح کی جارحیت کا سامنا کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے، جنگیں جذبوں سے جیتی جاتی ہیں پاک فوج جذبہ ایمانی سے سرشار ہے، جنگ ہو یا قدرتی آفت ہر مشکل وقت میں پاک فوج تیار رہتی ہے، پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے 1965 کی جنگ میں شہید ہونے والے افسران اور جوانوں کی قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا، اس موقع پر طالبات نے ملی نغمے بھی پیش کیے، پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے وفد نے یوم دفاع پر نشان حیدرکا اعزاز حاصل کرنے والے عظیم ہوا باز راشد منہاس شہید کی قبر پر حاضری دی ، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

وفد نے 1965ء کی جنگ میں شہید فوجی جوانوں کی قبروں پر بھی پھولوں کی چادریں چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، وفد میں پی پی رہنما نجمی عالم،راشد ربانی، لطیف مغل، منظور عباس ، قاضی سلیم راشد عباسی شامل تھے،شہید فوجی جوانوں کے ایصال ثواب کے لیے پیپلز سیکریٹریٹ میں شہدا کے لیے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ دریں اثنا پاک فضائیہ کے سربراہ چیف ایئرمارشل طاہر رفیق بٹ نے کہا ہے کہ مغربی سرحدوں پر دہشت گردوں کے خلاف کامیابی سے آپریشن جاری ہے جس کے دوران بے شمار ملکی وغیر ملکی ہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا، وہ ہفتہ کو پی اے ایف میوزیم کراچی میں پاک فضائیہ کے ہیروز کے بارے میں تصویری نمائش کے موقع پر خطاب کررہے تھے، انھوں نے کہا کہ ضرب غضب میں پاک فضائیہ کے ہوابازوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو چن چن کر نشانہ بنایا ہے۔

پاک فضائیہ نے ملک اور بیرون ملک میں ہمیشہ اپنی صلاحیتوں کو منوایاہے اور مستقبل میں بھی جب کبھی ضرورت پڑی تو قوم کا وقار بلند رکھیں گے، جو قومیں اپنا ماضی بھول جاتی ہیں وہ کبھی کامیاب نہیں ہو سکتیں، ہمارا ماضی بہت تابناک ہے، انھوں نے کہا کہ "فلائی ہائی" نامی 3 روزہ نمائش میں رکھی پینٹنگز میں گروپ کیپٹن ریٹائرڈ سید مسعود حسینی نے پاک فضائیہ کی جنگی تاریخ کو انتہائی خوبصورتی سے پیش کیا ہے، دشمن کے جلتے ہوئے جہازوں اور قومی ہیروز کے حملوں کے مناظردشمن پراپنی برتری اور قومی ہیروز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے بہترین عکاس ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔