پاک بھارت ہاکی ٹیمیں بنگلہ دیش میں مقابل ہوں گی

میزبان کی شمولیت سے ٹرائنگولر سیریز کا رواں برس کے اواخر یا فروری میں انعقاد


Sports Desk September 07, 2014
میزبان کی شمولیت سے ٹرائنگولر سیریزکا رواں برس کے اواخر یا فروری میں انعقاد فوٹو:اے ایف پی/فائل

KARACHI: پاک بھارت ہاکی ٹیمیں بنگلہ دیش میں مقابل ہوں گی، میزبان کی شمولیت سے ٹرائنگولر سیریز کا رواں برس کے اواخر یا آئندہ سال فروری میں انعقاد کیا جا سکتا ہے۔

اس کا انکشاف بنگلہ دیش ہاکی فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری خواجہ رحمت اللہ نے کیا، مولانا بھاشانی ہاکی اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ 29 سے 31 اگست تک منعقدہ ایشین ہاکی فیڈریشن کی کانگریس کے موقع پر دونوں ممالک کی فیڈریشنز نے سہ ملکی سیریز کے انعقاد پر اصولی طور پر اتفاق کرلیا، خواجہ رحمت نے مزید کہا کہ ہم بھارت اور پاکستان ہاکی فیڈریشنز سے تعلقات بڑھانا چاہتے ہیں جس کا ہمیں بڑا فائدہ ہوگا، اسی تناظر میں ہم نے دونوں ممالک کے آفیشلز کو ڈھاکا میں سیریز کھیلنے کی پیشکش کردی، اس پر انھوں نے رضامندی ظاہر کی ہے، ہم توقع کررہے ہیں کہ یہ سیریز رواں برس کے اواخر میں منعقد کرلی جائے۔

اس کے لیے ممکنہ طور پر اکتوبر یا نومبر کے مہینے موزوں ہوسکتے ہیں، بصورت دیگر انعقاد آئندہ برس فروری میں ممکن ہوپائے گا تاہم اس کا تمام تر دارومدار بھارت اور پاکستان پر ہے، قبل ازیں انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے صدر لیونارڈو نیگرے نے بھی 2013 اور رواں برس بنگلہ دیش کے دورے میں بی ایچ ایف کو پاکستان اور بھارت کی شمولیت سے سیریزکرانے کی تجویز دی تھی، رحمت اللہ نے مزید کہا کہ ایف آئی ایچ چیف نے ہمیں ٹرف اور فلڈ لائٹس بھی نصب کرنے کا کہا تاکہ یہاں انٹرنیشنل ٹورنامنٹ منعقد کراسکیں۔

دوسری جانب ورلڈ ہاکی لیگ اور ایشین گیمز کیلیے بنگلہ دیشی ٹیم مولانا بھاشانی اسٹیڈیم میں بھرپور انداز میں تیاریاں جاری رکھے ہوئے ہے، کوچ نوید عالم نے کہا کہ ایشین گیمز میں ہمارا ہدف سنگاپور کو شکست دینے کے ساتھ جاپان کو بھی حیران کرنا ہوگا، یہ دونوں ممالک ہمارے گروپ میں شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں