گستاخانہ فلم کیخلاف احتجاج جاری ایران کا آسکر ایوارڈز کا بائیکاٹ

لاہور،حیدرآباد،سکھر،کوئٹہ ودیگرشہروں میں مظاہرے،جلوس اور ریلیاں، احتجاج میں مسیحی برادری کی بھی شرکت

لاہور،حیدرآباد،سکھر،کوئٹہ ودیگرشہروں میں مظاہرے،جلوس اور ریلیاں، احتجاج میں مسیحی برادری کی بھی شرکت ۔فوٹو: فائل

PESHAWAR:
توہین آمیز فلم اور خاکوں کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

گزشتہ روز لاہور،حیدرآباد، سکھر، کوئٹہ، سوات سمیت متعدد شہروں میں مظاہرے، جلوس اور احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں جس میں مسلمانوں کیساتھ مسیحی برادری نے بھی شرکت کی، مظاہرین نے گستاخانہ فلم پر پابندی لگانے، اسے بنانے والے ملعونوں کو سخت سزا دینے اور انبیاء کی توہین کو عالمی جرم قرار دینے کا مطالبہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق گستاخانہ فلم کے خلاف گزشتہ روز بھی ملک بھر میں مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا، لاہور میں مسلم لیگ (ق) مینارٹی ونگ پنجاب کے زیراہتمام مسلم لیگ ہائوس سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے انجینئر شہزاد، بشپ جان نثار ودیگر نے کہا کہ امریکا توہین آمیز فلم بنانے والوں کے خلاف کارروائی کرے۔


ٹیری جونز نے ناپاک حرکت کے ذریعے مسیحیت کو پوری دنیا میں بدنام کیا۔ ادھر تحریک منہاج القرآن نے یکم اکتوبر کو مرکزی سیکریٹریٹ میں عظمت مصطفیٰ ﷺ قومی کانفرنس بلانے کا اعلان کیا ہے جس میں سیاسی و مذہبی رہنما آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے،حیدرآباد میں تنظیم اسلامی سمیت مختلف سماجی تنظیموں نے احتجاجی مظاہرے کیے اور مطالبہ کیا کہ امریکا سے تعلقات ختم کیے جائیں۔ سکھر میں اسکولوں کے اساتذہ و طلباء نے احتجاجی ریلی نکالی اور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا۔

ادھر کوئٹہ میں بھی ریلیوں اور احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، مقررین نے مطالبہ کیا کہ توہین انبیاء کے خلاف عالمی سطح پر قانون سازی کرکے مرتکب افراد کو سزائے موت دی جائے۔ سوات میں جمعیت طلبہ عربیہ نے احتجاجی ریلی نکالی اور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا، مولانا محمود بشیر ودیگر نے کہاکہ ملعون فلمساز کو پھانسی دینے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ مہمند ایجنسی میں جے یو آئی (ف) جبکہ کوہاٹ میں واپڈا ہائیڈرو یونین نے احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے امریکی پرچم نذرآتش کیے اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ امریکا سے تعلقات ختم اور نیٹو سپلائی فوری بند کی جائے۔ اے پی پی کے مطابق لاہور کے علاقہ شاد باغ میں اسکول کے کمسن طلبہ نے پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا۔ حیات آباد پشاور میں خیبرگرلز میڈیکل کالج کے اساتذہ اور ملازمین نے احتجاجی ریلی نکالی۔

Recommended Stories

Load Next Story