آئی سی سی کی نئی ون ڈے رینکنگ جاری پاکستان چھٹی پوزیشن پربرقرار

ون ڈے فارمیٹ میں بولنگ کے شعبے میں سعید اجمل کی بادشاہت برقرار جب کہ آل راؤنڈرز کی فہرست میں محمد حفیظ سرفہرست


ویب ڈیسک September 07, 2014
ون ڈے رینکنگ میں پاکستان کی جانب سے سب سے آگے مصباح الحق ہیں جن کا فہرست میں 12واں نمبر ہے۔ فوٹو:فائل

KARACHI: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ون ڈے کرکٹ کی نئی رینکنگ جاری کردی ہے جس کے تحت قومی ٹیم کی چھٹی پوزیشن برقرار ہے جب کہ جادوگراسپنرسعید اجمل کی ون ڈے فارمیٹ میں بادشاہت برقرارہے اورآل راؤنڈرز کی فہرست میں بھی پاکستان کے محمد حفیظ سر فہرست ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ ریٹنگ کے مطابق ایک روزہ فارمیٹ میں بھارت سرفہرست ہے جبکہ جنوبی افریقا دوسرے اور سری لنکا کا تیسرا نمبر ہے، فہرست میں آسٹریلیا، انگلینڈ، پاکستان، نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش بالترتیب چوتھے، پانچویں، چھٹے، ساتویں اور آٹھویں اور نویں نمبر پر موجود ہیں۔

ون ڈے فارمیٹ کے 10 بہترین بلے بازوں میں جنوبی افریقا اور بھارت کے 3،3، سری لنکا کے 2 جبکہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کا ایک ایک کھلاڑی شامل ہے۔ بہترین بلے بازوں میں ابراہم ڈی ویلئیرز پہلے، ہاشم آملہ دوسرے، ویراٹ کوہلی تیسرے، جارج بیلی چوتھے اور کمارا سنگاکارا پانچویں نمبر پر براجمان ہیں، ون ڈے رینکنگ میں پاکستان کی جانب سے سب سے آگے مصباح الحق ہیں جن کا فہرست میں 12واں نمبر ہے۔

مشکوک ایکشن کے الزام کا شکار پاکستان کے جادوگر اسپنر سعید اجمل کی ون ڈے فارمیٹ میں بادشاہت برقرار ہے اور وہ دنیا کے بہترین بالرز میں سب سے آگے ہیں، دوسرے نمبر پر ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن اور تیسرے نمبر پر جنوبی افریقا کی اسٹین گن ڈیل اسٹین موجود ہیں۔ جیمز انڈرسن کا چوتھا جبکہ رویندر جدیجا کا پانچواں نمبر ہے، ٹاپ ٹین بالرز کی فہرست میں پاکستانی پروفیسر کی رینکنگ میں 3 درجے ترقی ہوئی ہے اس طرح محمد حفیظ نویں سے چھٹے نمبر پر آگئے ہیں۔

بالنگ کے طرح آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھی پاکستان کی بالادستی برقرار ہے اور گزشتہ کئی ماہ سے محمد حفیظ سر فہرست ہیں، اینجیلو میتھیوز دوسرے، رویندر جدیجا تیسرے اور شکیب الحسن چوتھے نمبر پر موجود ہیں، آل راؤنڈرز کی ٹاپ ٹین فہرست میں بوم بوم آفریدی بھی موجود ہیں اور ان کی رینکنگ ساتویں ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں