بلوچستان میں بھی تاریخی دھاندلی ہوئی اورعبدالمالک بلوچ جعلی ووٹوں سے جیت کروزیراعلیٰ بنے عمران خان

انتخابی دھاندلی کی تحقیقات ہوئی توسب سےپہلےمجرم نوازشریف اس کے بعد افتخار چوہدری اور نجم سیٹھی ہوں گے،چیرمین پی ٹی آئی


ویب ڈیسک September 07, 2014
ہ پرویز مشرف نے نوازشریف کو کرپشن کے کیس میں پکڑنے کے بجائے سعودی عرب بھیج کر بہت ظلم کیا، عمران خان، فوٹو:ایکسپریس نیوز

BAHAWALPUR: چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بھی تاریخ دھاندلی ہوئی جہاں وزیراعلیٰ عبدالمالک بلوچ بھی جعلی ووٹوں سے جیت کروزیراعلیٰ بنے بیٹھے ہیں جس کے ثبوت ہمارے پاس موجود ہیں اور ان تمام دھاندلیوں کے پیچھے مسلم لیگ(ن) اور افتخار محمد چوہدری ہیں جنہوں نے اپنے ضمیر کو بہت سستے میں بیچا۔

اسلام آباد میں ڈی چوک پر دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ دھرنے کو 25 روز گزر گئے ہیں لیکن پاکستانیوں کا جذبہ اور نظریہ دیکھ کر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہاں مظلوموں کو اکٹھا کررہے ہیں کیونکہ ہمیں بڑے مگرمچھوں کا مقابلہ کرنا ہے، عوام کا حق ہے کہ وہ حکمرانوں سے پوچھیں کہ لوڈشیڈنگ کے باوجود بجلی کیوں مہنگی کی گئی جبکہ نوازشریف عوام کو بتائیں کہ لوڈشیڈنگ اور قرضے کس طرح بڑھ گئے اور عوام کا پیسہ کہا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں یہاں اقتدار کے لیے نہیں آیا اگر اقتدار چاہتا تو حکمرانوں سے مک مکا کرلیتا کیونکہ جب معین قریشی اور شوکت عزیز وزیراعظم بن سکتے ہیں تو میں بھی بن سکتا تھا لیکن قوم مطمئن ہوجائے مجھے کوئی خوف ہے اور نہ ہی میری کوئی قیمت ہے میں ظالموں کا آخری دم تک مقابلہ کرکے دکھاؤں گا۔

عمران خان نے کہا کہ (ن) لیگ نے مجھے نائب وزیرعظم بننے کی پیش کش کرکے میرے ضمیر کی بہت سستی قیمت لگائی لیکن وزیراعظم نہ ہونے کے باوجود مجھے عزت ملی ہے، اسمبلی میں نورا کشتی ہورہی تھی لیکن عوام کی طاقت دیکھ کر آج سب اکٹھے ہوچکے ہیں اور اسمبلی میں تقاریر سن کر ایسا لگتا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی،لوڈشیڈنگ سمیت تمام مسئلوں کی جڑ عمران خان ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف جعلی ووٹوں سے آئے ہیں انہیں وزیراعظم نہیں مانتا، اسمبلی میں جھوٹ بولنے پر ان کے خلاف سپریم کورٹ میں کیس دائرکیا گیا ہے لیکن ایک ہفتہ گزرچکا ہے نوازشریف کے خوف کے باعث کیس کو لٹکایا ہوا ہے،نوازشریف تاریخی دھاندلی میں ملوث ہیں ان کے ہوتے ہوئے کسی صورت شفاف تحقیقات نہیں ہوسکتیں اور اگر تحقیقات ہوئیں تو سب سےپہلے مجرم نوازشریف ہوں گے جبکہ افتخار چوہدری اور نجم سیٹھی ان کے بعد مجرموں میں شامل ہوں گے۔

عمران خان نے کہا کہ بلوچستان میں بھی تاریخ دھاندلی ہوئی جہاں وزیراعلیٰ عبدالمالک بلوچ بھی دھاندلی سے جیتے اور وہ جعلی وزیراعلیٰ بنے بیٹھے ہیں جس کے ثبوت ہمارے پاس موجود ہیں اور ان تمام دھاندلیوں کے پیچھے (ن) لیگ اور افتخار چوہدری ہیں جنہوں نے اپنے ضمیر کو بہت سستے میں بیچا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک قوم اپنے لیڈر منتخب نہیں کرے گی اس وقت تک اسمبلی میں بیٹھے مگرمچھ عوام کی خدمت کے بجائے ان کا پیسہ کھاتے رہیں گے کیونکہ یہ لوگ جو مرضی کرلیں انہیں نہیں پکڑا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے نوازشریف کو کرپشن کے کیس میں پکڑنے کے بجائے سعودی عرب بھیج کر بہت ظلم کیا اور اپنی کرسی بچانے کے لیے سب کو معاف کیا۔

چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اگر غریب آدمی قرض نہ دے تو اسے پکڑ لیا جاتا ہے لیکن نوازشریف نے 6 ارب کے قرضے واپس کرنا ہیں جو انہوں نے 15 سال سے نہیں دیئے مگر یہ جتنی بڑی چوری کریں ہمارا قانون انہیں نہیں پکڑ سکتا، ملک میں روزانہ 12 ارب کی کرپشن ہوتی ہے اگر اسے روک لیا جائے تو پاکستان کو کہیں بھیک مانگنے کی ضرورت نہیں لیکن اب اس کرپشن کو ہم روکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سوئس بینکوں میں موجود پاکستانیوں کا پیسہ نوازشریف،آصف زرداری،الطاف حسین سمیت کوئی بھی واپس نہیں لاسکتا یہ پیسہ صرف میں ہی واپس لاسکتا ہوں کیونکہ مجھے کوئی خوف نہیں ہے اور میں نے اپنا سب کچھ پاکستان میں رکھا ہوا ہے،قوم سن لے فتح قریب ہے، دشمنوں کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں انہیں پاکستانی قوم کی سمجھ نہیں کہ اب پاکستانی ایک قوم بن چکے ہیں اب دنیا کی کوئی طاقت نیا پاکستان بننے سے نہیں روک سکتا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں