پولیس شہدا کے 93 قانونی ورثا کو تقرر نامے جاری شہدا کے اہلخانہ کو پلاٹ جلد ملیں گے آئی جی

پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابر کرنیکی سفارشات ارسال کردی،شہدا کے اہلخانہ کی300ایکڑ اراضی پر الاٹمنٹ مکمل ہوگئی


Staff Reporter September 08, 2014
پولیس افسران اور جوانوں کو محکمہ جلد چھوٹے ہتھیار جاری کرے گا،غلام حیدر جمالی۔ فوٹو: فائل

شہر میں دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری آپریشن کو ایک سال مکمل ہونے پر پولیس ہیڈکوارٹر گارڈن میں پولیس دربار کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں سندھ پولیس کے سینئر افسران اور اہلکاروں کے علاوہ پولیس شہدا کے ورثا نے بھی شرکت کی۔

آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے کہا کہ تقریب کا مقصد شہدائے سندھ پولیس کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے، تقریب میں شہدائے پولیس کے ورثا میں سے31 اہل افراد کو تقرر نامے تقسیم کیے، آئی جی کو بتایا گیا کہ شہدا پولیس کے قانونی ورثا میں سے 24 اہل افراد کو پہلے ہی تقرری نامے جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ 38 تقرری نامے رواں ہفتے جاری کیے جائیں گے، آئی جی نے دربار سے خطاب میں اعلان کیا کہ شہید ہونے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کے قانونی ورثا میں سے آئندہ کسی بھی2 اہل افراد کو محکمہ پولیس میں ملازمت دی جائے گی۔

انھوں نے کہا کہ1992 سے لے کر اب تک شہید ہونے والے افسران اور جوانوں کے ورثا کے لیے پلاٹوں کی الاٹمنٹ کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور اراضی پر ٹاؤن پلاننگ تیزی سے جاری ہے ، انھوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سے درخواست کی کہ شہدا پولیس کے ورثا کے لیے مزید اراضی الاٹ کی جائے کیونکہ اس سے قبل الاٹ کردہ 300 ایکڑ اراضی پر الاٹمنٹ مکمل ہوچکی ہے انھوں نے کہا کہ تمام شہدائے پولیس کے ورثا کے لیے مراعات کے امور جلد مکمل کرکے شہدا کے بچوں کی تعلیم اور ورثا کی صحت کا خیال رکھا جائے۔

پولیس ملازمین کی تنخواہوں کو پنجاب پولیس کے برابر کرنے کی سفارشات حکومت سندھ کو ارسال کردی گئی ہیں، پولیس کی بنیادی ذمے داریوں میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اہمیت کا حامل ہے اور ایسا تب ہی ممکن ہوگا کہ پولیس اہلکار اپنا تحفظ یقینی بنائیں اس حوالے سے طریقہ کار کو بہتر کیا جائے بلکہ اس پر عمل بھی یقینی بنایا جائے۔

فیلڈ میں کام کرنے والے افسران اور جوانوں کو محکمہ پولیس کی جانب سے چھوٹے ہتھیار جاری کرنے کے امور جلد مکمل کرکے دوران فرائض اہلکاروں کو بلٹ پروف جیکٹیں، بلٹ پروف ہیلمٹ دیے جائیں، کمیونٹی پولیسنگ کے تحت قانون پسند شہریوں کے مسائل اور مشکلات کو تھانوں کی سطح پر ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے ، ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے کہا کہ شہدا پولیس سے منسوب دربارکا 6 ستمبر کو انعقاد کا مقصد یوم دفاع کے موقع پر افواج پاکستان سے یکجہتی کرتے ہوئے اس عزم کی تجدید کرنا ہے کہ ملک کے دفاع کے خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا شہدا قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں