بھارتی کرکٹ بورڈ کی طاقت فساد کی جڑ ہے جیفری بائیکاٹ

کھیل کیلئےزیادہ خطرناک کسی بھی ملک کا زیادہ اختیارات حاصل کرلینا ہے جس سے دوسرے ممالک خوفزدہ رہتے ہیں،سابق انگلش اوپنر

آئی پی ایل نہیں بلکہ بھارتی بورڈ کی طاقت کرکٹ کے لئے اصل خطرہ ہے،جیفری بائیکاٹ۔ فوٹو: فائل

جیفری بائیکاٹ نے آئی پی ایل کے بجائے بھارتی بورڈ کی طاقت کو ہی فساد کی جڑ قرار دیدیا۔

جیفری بائیکاٹ نے کہا کہ ٹوئنٹی 20 ایونٹ کرکٹ کے لئے بہتر ہے، بی سی سی آئی کے زیادہ اختیارات کھیل کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں، لیگ کھیلنے والی بھارت کی ٹیم ورلڈ کپ کے لئے زیادہ بہتر طور پرتیار ہے،انگلینڈ کے سابق عظیم کرکٹر ای ین بیل نے گذشتہ دنوں ایم سی سی اسپرٹ آف کرکٹ لیکچر کے دوران آئی پی ایل پر شدید تنقید کرتے ہوئے اس کو کھیل کے مستقبل کے لئے تباہ کن قرار دیا تھا۔


سابق انگلش کرکٹر اور موجودہ تبصرہ نگار جیفری بائیکاٹ ان کی بات سے اتفاق نہیں کرتے بلکہ ساری خرابی کی وجہ بھارتی بورڈ کے بے پناہ طاقت کو قرار دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی پی ایل کی وجہ سے کرکٹ کو مقبولیت حاصل ہورہی ہے، اس میں سرمایہ آرہا جبکہ زیادہ لوگ اس کھیل کو پسند کرنے لگے ہیں، اس لیے میں نہیں سمجھتاکہ یہ کھیل کے لئے خطرناک ہے بلکہ میرے خیال میں جو چیز کھیل کے لئے زیادہ خطرہ ہے وہ کسی بھی ایک ملک کا بہت زیادہ اختیارات حاصل کرلینا ہے جس سے دوسرے ممالک اس سے خوفزدہ رہتے ہیں، اس وقت تمام بڑے فیصلے بھارت کی ہی مرضی سے کیے جارہے ہیں۔

بائیکاٹ کا کہنا تھا کہ کھیل میں اس سے قبل جب امپیریل کرکٹ کونسل ہوا کرتی تھی اس وقت انگلینڈ اور آسٹریلیا کو زیادہ اختیارات حاصل تھے بلکہ ان دونوں کو دودو ووٹ کا حق حاصل تھا جبکہ باقی ٹیم ایک ایک ووٹ رکھتی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کافی غیرمنصفانہ معیار تھا ، اس وقت بھی ناانصافی ہوتی تھی آسٹریلیا اور انگلینڈ کے پاس دوسرے ممالک سے زیادہ اختیارات ہونا کسی صورت بہتر نہیں تھا اسی طرح اب بھی بھارت کے لئے اتنا طاقتور ہونا اچھا نہیں اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ آئی پی ایل نہیں بلکہ بھارتی کرکٹ بورڈ کی طاقت اصل خطرہ ہے۔
Load Next Story