کراچی میں متحدہ کے کارکنان اور باپ بیٹوں سمیت 12افراد قتل

سرجانی میں متحدہ کے2کارکنان کونشانہ بنایاگیا،پان منڈی پرکار پر فائرنگ، محمدرضا اور 2 بیٹے ہلاک،اولڈسٹی ایریابند

سرجانی میں متحدہ کے2کارکنان کونشانہ بنایاگیا،پان منڈی پرکار پر فائرنگ، محمدرضا اور 2 بیٹے ہلاک،واقعے کے بعداولڈسٹی ایریابند. فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اوراغوا کے بعد قتل کر کے لاشیں پھینکنے کے واقعات میں متحدہ قومی موومنٹ کے2 کارکنان ،باپ اور2بیٹوں سمیت 12افراد ہلاک،2 خواتین سمیت 6 زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر 10میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے متحدہ قومی موومنٹ یونٹ 7 کے کمیٹی ممبر 45 سالہ محمد ریاض اور 25 سالہ یعقوب جاں بحق ہوگئے،حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے،واقعے کی اطلاع ملتے ہی متحدہ کے عہدیداروں اور کارکنان کی بڑی تعداد عباسی اسپتال پہنچ گئی اور واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ، سرجانی ٹاؤن کے ڈیوٹی افسر خان محمد نے بتایا کہ 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 3 ملزمان سوار تھے ،واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی اور نامعلوم افراد نے دکانیں و کاروبار بند کرا دیا۔

سرجانی ٹاؤن کے علاقے میں یوسف گوٹھ اﷲ والی بس اسٹاپ کے قریب گھر کے باہر گلی میں بیٹھے ہوئے 18 سالہ ناصر کو موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا،ابراہیم حیدری سو کوارٹرز اکبر شاہ گوٹھ گلی نمبر 2 مکان نمبر 25/10 کے باہر بیٹھے ہوئے 55 سالہ محمد صدیق بنگالی کو نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا،شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے خلد آباد پولیس چوکی کی حدود گلشن سوسائٹی کی جھاڑیوں سے خاتون کی لاش ملی جسے نامعلوم ملزمان نے گلے میں ازار بند کا پھندا لگا کر قتل کر دیا اور لاش پھینک کر فرار ہوگئے،پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کی عمرتقریباً 20 سال ہے،مقتولہ نے گلابی رنگ کا شلوار قمیض پہنا ہوا ہے اور شبہ ہے کہ اسے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کیا گیا ہے، کورنگی کے علاقے ڈھائی نمبر سیکٹر 33-E سے 32 سالہ سید عامر علی کی لاش ملی۔


ایس ایچ او کورنگی فصیح الزماں نے بتایا کہ مقتول سوزوکی چلاتا تھا اور منگل کی صبح 4 بجے کے قریب گھر سے نکلا تھا کہ نامعلوم ملزمان نے اسے اغوا کرلیا اور لاش پھینک کر فرار ہوگئے ، پاک کالونی کے علاقے نیازی محلہ دھوبی گھاٹ لیاری ندی سے بوری بند26 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی،رسالہ تھانے کی حدود محمد شاہ اسٹریٹ پان منڈی ٹپال چائے کی پتی شاپ والی گلی کے کارنر پر موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے کار میں سوار 60 سالہ محمد رضا ولی علی رضا اوران کے 2 بیٹے37 سالہ محمد عباس رضا اور 35 سالہ کمیل رضا ہلاک جبکہ 35 سالہ علی رضا ولد برکت علی زخمی ہو گیا ، ہلاک و زخمیوںکو سول اسپتال پہنچایا گیا،واقعے کے بعد اولڈ سٹی ایریا پان منڈی،کھارادر سمیت دیگر علاقوں میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے دکانیں اور دیگرکاروبار بندکرادیا۔

اسی دوران کھارادر کے علاقے ٹاور ایدھی سینٹر کے سامنے گنے کی مشین کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تالے کی چابی بنانے والا22 سجاد اور26سالہ محمد اسلم زخمی ہو گئے ، اسی علاقے میں کھارادر پولیس چوکی کے قریب فائرنگ سے28 سالہ محمد شفیق زخمی ہو گیا ، زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال لے جایا گیا جہاں محمد شفیق ہلاک ہو گیا جبکہ سجاد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ، جاں بحق ہونے والا محمد رضا اور ان کے بیٹے سولجر بازار نمبر3حسینی بلڈ بینک کے سامنے والی عمارت میں پہلی منزل کے رہائشی تھے جبکہ ان کی جوڑیا بازار میں خشک میوہ جات کی دکان ہے واقعے کے وقت مقتول معمول کے مطابق دکان کے ملازم علی رضا کو اس کے گھر پان منڈی منڈی چھوڑنے آئے تھے۔

مقتولین کی لاشیں ان کے گھر سولجر بازار پہنچنے پر نامعلوم افراد نے سولجر بازار ، نمائش اور دیگر متصل علاقوں میں فائرنگ کر کے دکانیں اور دیگر کاروبار بند کردیے جبکہ سولجر بازار نمبر3 پر ایک منی بس نمبر JE-6992 کو آگ لگا دی گئی،مقتولین باپ بیٹوں کی ہلاکت کے خلاف مشتعل افراد نے نمائش چورنگی پر ٹریفک بلاک کرکے احتجاج شروع کر دیا جس کے باعث ایم اے جناح روڈ اور متصل علاقوں میں ٹریفک جام ہو گیا ،علاقے میں وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری تھا، گارڈن کے علاقے نشتر روڈ محمود بیکری کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے25سالہ نامعلوم شخص ہلاک ہو گیا،سعید آباد ڈاکخانہ کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے34 سالہ مہوش زوجہ سہیل مسیح زخمی ہو گئی،فیروز آباد کے علاقے کشمیرکالونی مکان نمبرA/98 گلی نمبر4 میں گھر کی چھت پر کھڑی50سالہ فریدہ بی بی زوجہ ظہیر عباس نامعلوم سمت سے آنے والی گولی سینے لگنے سے زخمی ہوگئی،بوٹ بیسن کے علاقے شیریں جناح کالونی شاہ جی چوک بلال مسجد کے قریب کا رہائشی12سالہ عبید الرحمٰن گھر کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی سر پر لگنے سے زخمی ہو گیا،منگھو پیر کے علاقے اﷲ بخش گوٹھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 50 سالہ تاج محمد مینگل زخمی ہو گیا۔

Recommended Stories

Load Next Story