نیو یارک میں پاک بھارت وزرائے اعظم کی ملاقات خارج از امکان نہیں بھارتی وزیرخارجہ

نیویارک میں دونوں رہنما ملاقات کے دوران سیکریٹری خارجہ کی سطح کے مذاکرات کا نیا شیڈول طے کرسکتے ہیں،بھارتی میڈیا


ویب ڈیسک September 08, 2014
پاکستانی ہائی کمشنرکی کشمیری رہنماوں سے ملاقات کے بعد بھارت نے سیکریٹری خارجہ سطح کے مذاکرات منسوخ کردیئے تھے فوٹو:فائل

بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے نیو یارک میں اقوام متحدہ کے اجلاس کےدوران پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف اور بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کے درمیان ملاقات کے بارے میں مثبت اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں رہنماؤں کےدرمیان ملاقات خارج ازامکان بھی نہیں۔

نئی دلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بھارتی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر اعظم کی پاکستانی ہم منصب سے ملاقات کے حوالے سے بھارت کسی طے شدہ پروگرام یا کسی مخصوص سوچ کے ساتھ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں نہیں جارہا تاہم وہاں جاکر صورت حال کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام تر صورت حالات کے باجود دونوں رہنماؤں کی ملاقات خارج از امکان نہیں۔

سشما سوراج نے اپنی روایتی الزام تراشی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے پاکستان پر الزام عائد کیا کہ وہ مذاکرات کے عمل کو سبوتاژ کر رہا ہے تاہم دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات میں کوئی رکاوٹ نہیں اور چھوٹی چھوٹی رکاوٹوں کے باوجود مذاکرات کا دروازہ کھلا رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حریت پسند رہنماؤں سے ملاقات کر کے پاکستان نے مذاکرات کےعمل کو نقصان پہنچایا جب کہ ممبئی حملوں کی عدالتی کارروائی میں تاخیر پربھی بھارت کو تشویش ہے۔

واضح رہے کہ پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کی کشمیری رہنماؤں سے ملاقات پر اعتراض کرتے ہوئے بھارت نے گزشتہ ماہ طے شدہ سیکریٹری خارجہ کی سطح پر ہونے والے مذاکرات منسوخ کردیئے تھےجب کہ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ نیویارک میں دونوں رہنما ملاقات کے دوران سیکریٹری خارجہ کی سطح کے مذاکرات کا نیا شیڈول طے کرسکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |