آسٹریلیا نے آئندہ ماہ دبئی میں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لئے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان 5 اکتوبر کو واحد ٹی ٹوئٹی میچ سے سیریز کا آغاز ہوگا جبکہ سیریز میں 3 ون ڈے اور 2 ٹیسٹ میچز بھی کھیلیں جائیں گے،کینگروز کی جانب سے ون ڈے اور ٹیسٹ میں مائیکل کلارک جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں ایرون فنچ ٹیم کی قیادت کریں گے۔ آسٹریلین کپتان کو پاکستان کے خلاف سیریز سے قبل فٹ قرار نہیں دیا جارہا تاہم آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کا خیال ہے کہ سیریز سے قبل مائیکل کلارک مکمل فٹ ہوجائیں گے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے جارج بیلی کی جگہ ایرون فنچ کو کپتانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، آل راؤنڈر شین واٹسن کو ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی تینوں ٹیموں میں شامل کیا گیا ہے جبکہ اوپنر ڈیوڈ وارنر نے بھی تینوں طرز کی کرکٹ میں جگہ بنالی ہے، اسی طرح مچل اسٹارک اور آل راؤنڈر گلین میکسویل بھی ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
کینگروز کپتان مائیکل کلارک اپنی قیادت میں ایلکس ڈولن، فلپ ہیوز، بریڈ ہیڈن، نیتھن لیون، مچل مارش، گلین میکسویل، سٹیو او کیف، مچل جانسن، کرس روجرز، پیٹر سڈل، سٹیو اسمتھ، مچل سٹارک، ڈیوڈ وارنر اور شین واٹسن کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ پاکستان کے خلاف ایک روزہ میچز میں مائیکل کلارک ہی ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں سین ایبٹ، جارج بیلی، جیمز فاکنر، ایرون فنچ، بریڈ ہیڈن، نیتھن لیون، مچل مارش، گلین میکسویل، مچل جانسن، سٹیو سمتھ، مچل سٹارک، ڈیوڈ وارنر اور شین واٹسن شامل ہیں۔
واضح رہے کہ آسٹریلین ٹی ٹوئنٹی کپتان جارج بیلی نے گزشتہ روز قیادت سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد کرکٹ بورڈ نے اوپنر بلے باز ایرون فنچ کو ٹیم کی قیادت سونپ دی ہے۔