کروڑوں روپے کے جعلی پرائز بانڈ کی خرید و فروخت میں ملوث 5 ملزم گرفتار

سلیم، افضل، صدیق، دانش اور جہانگیر کئی سال سے نجی بینکوں کے ذریعے15کروڑ روپے کے پرائز بانڈ کی خریدوفروخت میں ملوث ہیں


Adil Jawad September 09, 2014
متعلقہ بینک اور اسٹیٹ بینک کے افسران کو بھی شامل تفتیش کیا گیا ہے، ذرائع، مقدمہ درج ، مزید کارندوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے۔ فوٹو: فائل

کروڑوں روپے مالیت کے جعلی پرائز بانڈزکی خریدوفروخت میں ملوث 5 ملزمان کووفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

ملزمان گزشتہ کئی سال سے نجی بینکوں کے ذریعے تقریباً 15 کروڑ روپے مالیت کے پرائز بانڈز کی خریدوفروخت میں ملوث ہیں،تفصیلات کے مطابق فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کی جانب سے ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل کو نجی بینک کی 2مختلف شاخوں میں موجود فارن اور پاکستانی کرنسی کے بینک اکائونٹس کی تفصیلات فراہم کی گئی تھیں جن میں گزشتہ چند سال کے دوران تقریبا 15کروڑ روپے کی لین دین کی گئی تھیں، کھاتے داروں نے اکاؤنٹس کھولتے وقت خود کو پرائز بانڈ کی خریدوفروخت کرنے والا اسٹیٹ بینک کا تصدیق شدہ ڈیلر قرار دیا تھا۔

اسٹیٹ بینک کے ریکارڈ کے مطابق نجی بینکوں میں موجود بینک اکائونٹس ان کے تصدیق شدہ ڈیلرز کے نہیں تھے،اسٹیٹ بینک سرکل کے ڈپٹی ڈائریکٹر عدیل حسین چانڈیو نے اس سلسلے میں واضح شواہد اکٹھے کرنے کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر غیرقانونی طور پر بینک اکائونٹس آپریٹ کرنے والے محمد سلیم، محمد افضل، محمد صدیق، سید دانش اور محمد جہانگیر کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق اس سلسلے میں مزید تفتیش جاری ہے اور امکان ہے کہ پرائز بانڈ کی غیرقانونی خریدوفروخت کرنے والے گروہ کے دیگر کارندوں کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا، ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلے میں متعلقہ بینک اور اسٹیٹ بینک کے افسران کو بھی شامل تفتیش کیا گیا ہے اور کئی سال سے جاری غیرقانونی کاروبار کے حوالے سے بینک افسران اور عملے کے کردار کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |