گیلانی سے جان چھڑانے کیلیے خط نہ لکھنے کا تاثرغلط ہےکائرہ

خط لکھنے میں کسی کی فتح یا شکست نہیں، عدالت سے ڈیل نہیں ہوئی، پریس کانفرنس


Numainda Express September 26, 2012
خط لکھنے میں کسی کی فتح یا شکست نہیں، عدالت سے ڈیل نہیں ہوئی، پریس کانفرنس۔ فوٹو: اے پی پی

وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ سوئس حکام کو خط لکھنے کا فیصلہ پارٹی اور اتحادیوں کی مشاورت سے کیا گیا ۔

اس میں کسی کی فتح یا شکست نہیں ہوئی، ہم نے خط لکھنے سے کبھی انکار نہیں کیا تھا، سپریم کورٹ نے ہمارے تحفظات کو اہمیت دی اور ہم نے بھی نئے حالات میں نئی قانونی پوزیشن اختیار کر لی، سپریم کورٹ کی طرف سے خط لکھنے کا اصرار حقائق کی بنیاد پر نہیں بلکہ قانونی بنیاد پر ہے۔ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا یوسف گیلانی کے خلاف سپریم کورٹ کی کارروائی میں بھی عدالت سے کہا گیا تھا کہ کوئی درمیانی راستہ نکال لیا جائے تب عدالت نے اس حوالے سے بات نہیں کی تھی۔ انھوں نے کہا کہ عدالت سے ہماری بارگیننگ یا ڈیل نہیں ہوئی۔

یہ تاثرسراسر غلط اور مخالفین کا پروپیگنڈا ہے کہ گیلانی سے جان چھڑانے کے لیے خط نہیں لکھا گیا اس وقت کے فیصلے میں بھی گیلانی شریک تھے اور موجودہ فیصلے میں بھی وہ شریک ہیں۔ سرائیکی صوبہ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ایک وقت میں کئی گولیاں کھیل رہی ہے، ن لیگ جاگ پنجابی جاگ کی شعبدہ بازی نہ کرے۔ پنجاب کو 2010سے سالانہ اڑھائی سو ارب روپے وفاق کی طرف سے زائد دیئے جا رہے ہیں اس کے باوجود صوبہ خسارے میں ہے یہ ان کی بد انتظامی کا نتیجہ ہے۔

چودھری احمد سعید کی ن لیگ میں شمولیت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے پرویز مشرف کے ایمرجنسی نافذ کرنے والے وزیر قانون کے بعد اب ان کے قریبی دوست کو بھی پارٹی میں لے لیا، احمد سعید کبھی پیپلز پارٹی میں نہیں رہے، احمد مختار پارٹی کے سینئر اور وفادار رہنما ہیں اور وہ پارٹی میں ہی رہیں گے، جب احمد مختار جیل کاٹ رہے تھے تو تب احمد سعید کو چیئرمین پی آئی اے لگادیا گیا تھا۔ نوابزادہ غضنفر گل کی فیملی پارٹی میں تھی ہی نہیں البتہ وہ خود پارٹی کی سی ای سی کے رکن ہیں اور وہ ہمیشہ پارٹی میں ہی رہیں گے۔انھوں نے کہا سپر یم کورٹ کے ساتھ خط کے معاملے پر کسی بھی قسم کی ڈیل کی بات کرنا مناسب نہیں' ایم کیوایم کے تحفظات دور کریںگے۔ جاگ پنجابی جاگ کا نعرہ اب نہیں چلے گا۔ نگران وزیراعظم کیلئے ابھی کوئی نام فائنل نہیں ہوا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں