پرتگال کے گال پر شکست کی چپت لگ گئی

یورو فٹبال کوالیفائرز میں البانیہ نے ایک گول سے قابو کر لیا،جرمنی نے اسکاٹ لینڈ کو2-1سے مات دیدی، پولینڈ نے نوآموز۔۔۔


AFP/Sports Desk September 09, 2014
لیوانڈوسکی کے 4 گول، ڈنمارک نے آرمینیا کو 2-1 سے زیر کیا، رومانیہ نے یونان کو 1-0 سے اپ سیٹ شکست دیدی، فن لینڈ نے فورے آئی لینڈ کو 3-1 سے ہرادیا۔ فوٹو: فائل

یورو فٹبال 2016 کوالیفائرز میں پرتگال کے گال پر شکست کی چپت لگ گئی،البانیہ نے اسے ایک گول سے قابو کرلیا۔

جرمنی نے اسکاٹ لینڈ کو2-1 سے مات دے دی، پولینڈ نے نوآموز جبرالٹر کو 7-0 سے تختہ مشق بنالیا، بائرن میونخ کے پولش اسٹرائیکر روبرٹ لیوانڈوسکی نے 4 مرتبہ گیند کو جال کی راہ دکھائی،ڈنمارک نے آرمینیا کو 2-1 سے زیر کیا،رومانیہ نے 2004 کے چیمپئن یونان کو 1-0 سے اپ سیٹ شکست دے دی، فن لینڈ نے فورے آئی لینڈ کو 3-1 سے قابو کرلیا، فرانس اور سربیا کا دوستانہ مقابلہ1-1 سے برابر رہا۔

تفصیلات کے مطابق پرتگال کیخلاف البانیہ کا فیصلہ کن گول کھیل کے 52ویں منٹ میں بیکم بالاج نے کیا، پرتگالی ٹیم کو اس مقابلے میں اپنے ریگولر کپتان کرسٹیانو رونالڈو کا ساتھ میسر نہیں تھا،عالمی درجہ بندی میں 71ویں پوزیشن کی حامل البانیہ کے ہاتھوں شکست اس کیلیے شرمندگی کا سبب بنی ہے، البانیہ گذشتہ نصف صدی سے یورپیئن چیمپئن شپ کیلیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہا ہے، اس مرتبہ ٹیم نے پرتگال کو اس کے اپنے ہی میدانوں میں مات دینے کا کارنامہ انجام دے دیا، فیصلہ کن گول بنانے والے بیکم بالاج سلویا پراگ کلب کیلیے بھی کھیلتے ہیں، میچ کے اختتام پر پرتگالی شائقین نے اپنی ٹیم کی ناکامی پر فقرے بازی کی۔

قیادت سنبھالنے والے اسٹرائیکرنینی نے کہا کہ واقعی یہ بہت بُرا نتیجہ ہے، ہم نے اپنی کوالیفائنگ مہم کا آغاز ناقص انداز میں کیا لیکن اب کھیل میں بہتری لانا ہوگی، پرتگال ہی میں منعقدہ دوسرے کوالیفائر میں نوآموز جبرالٹر کا ڈیبیو بھی مایوس کن رہا، پولینڈ نے اپنی مہارت کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے ایونٹ میں پہلی مرتبہ شامل ہونے والی ٹیم کو 7-0 سے کچل دیا، بائرن میونخ کیلیے خدمات انجام دینے والے پولش اسٹرائیکر روبرٹ لیوانڈوسکی نے 4 مرتبہ گیند کو جال کی راہ دکھائی۔

ڈورٹمنڈ میں میزبان ورلڈ چیمپئن جرمنی نے اسکاٹ لینڈ کو 2-1 سے قابو کرلیا، اگرچہ گذشتہ ہفتے دوستانہ مقابلے میں جرمنی کوورلڈ کپ کی رنر اپ ارجنٹائن نے 4-2 سے شکست دی تھی لیکن جرمنی نے اسے فراموش کرتے ہوئے کوالیفائنگ مہم کا فاتحانہ آغاز کیا، جرمنی کیلیے بائرن میونخ اسٹار تھامس مولر نے کھیل کے دونوں ہاف میں ایک ایک گول بنایا ، مہمان اسکاٹش ٹیم کا واحد گول ایکاچی اینیا کے نام رہا، اس مقابلے میں 2 گول داغ کر مولر نے انٹرنیشنل فٹبال میں اپنے مجموعی گولز کی تعداد 24 کرلی،اس کامیابی کے ساتھ ہی جرمنی نے ورلڈ کپ اور یورو کوالیفائنگ میں 33 میچز جیت لیے۔

دوسری جانب یورو 2016 کے میزبان فرانس اور سربیا کا بلغراد میں مقابلہ 1-1 سے برابر رہا، فرنچ ٹیم نے کھیل کے 14ویں منٹ میں مڈفیلڈر پال پوگبا کے گول کی بدولت برتری لی، بوگبا نے ریمی کابیلا کے کارنر پر گیند کو جال تک پہنچانے میں کوئی غلطی نہیں کی، یہ ان کا چوتھا انٹرنیشنل گول بنا، گروپ 'آئی' میں شامل فرانس براہ راست ایونٹ میں شرکت کا حق رکھتا ہے لہذا گروپ میں شامل دیگر ٹیموں سے اس کے میچز کو دوستانہ حیثیت حاصل ہے، فرانس اب 11 اکتوبر کو پرتگال کے مقابل آئے گا جبکہ اسی دن سربیا کی ٹیم اپنا پہلا کوالیفائر البانیہ سے کھیلے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں