سرینا کو کیریئر کی 18ویں گرینڈ سلم ٹرافی مل گئی

نیوراٹلووا اورایورٹ کی ہمسربن گئیں، یوایس اوپن فائنل میں ووزینسکی کو شکست


AFP/Sports Desk September 09, 2014
نیویارک: یو ایس اوپن کی فاتح سرینا ولیمز اور رنرزاپ کیرولین ووزینسکی ٹرافیز تھامے مسکرارہی ہیں، امریکی اسٹار نے 18 ویں بار ٹرافی جیت کر نیوراٹلووا اور کرس ایورٹ کا ریکارڈ برابر کردیا۔ فوٹو: اے ایف پی

امریکی سپراسٹار سرینا ولیمز کو کیریئر کی 18ویں گرینڈ سلم ٹرافی مل گئی۔

انھوں نے یوایس اوپن کے فائنل میں ڈینش حریف کیرولین ووزینسکی کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-3 اور 6-3 سے ٹھکانے لگا دیا، مینز ڈبلز میں چیمپئن بننے والے امریکی برائن برادرز نے کیریئر میں ٹائٹل کامیابیوں کی سنچری مکمل کرلی، باب اور مائیک نے فیصلہ کن معرکے میں اسپینش جوڑی مارسیل گرینولرز اور مارک لوپز کو مات دی۔تفصیلات کے مطابق سیزن کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلم یوایس اوپن کے ویمنز سنگلز فائنل میں 2 مرتبہ کی دفاعی چیمپئن سرینا ولیمز نے ڈینش اسٹار کیرولین ووزینسکی کو اسٹریٹ سیٹ میں باآسانی 6-3 اور 6-3 سے ٹھکانے لگا دیا۔

اس کامیابی کے ساتھ ہی سرینا نے نہ صرف نیویارک ایونٹ میں ٹائٹل فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کی بلکہ مجموعی طور پر 18ویں گرینڈ سلم ٹرافی قبضے میں کرتے ہوئے وہ مارٹینا نیوراٹلووا اور کرس ایورٹ کی ہمسر بھی بن گئیں، سابق جرمن پلیئر اسٹیفی گراف اب بھی 22 گرینڈ سلم اعزازات کے ساتھ آگے ہیں، سرینا نے اسی کورٹ پر 1999 میں محض 17 برس کی عمر میں اپنا پہلا گرینڈ سلم ٹائٹل جیتا تھا، سرینا نے مجموعی طور پر چھٹی مرتبہ یوایس اوپن چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا، وہ یہاں 1999، 2002، 2008، 2012 اور 2013 میں فاتح رہیں۔مینز ڈبلز میں چیمپئن بننے والے امریکی برائن برادرزنے کیریئر میں ٹائٹل کامیابیوں کی سنچری مکمل کرلی۔

باب اور مائیک نے فیصلہ کن معرکے میں اسپینش جوڑی مارسیل گرینولرز اور مارک لوپز کو 6-3 اور 6-4 سے زیر کیا، یہ ان کا پانچواں یو ایس اوپن ٹائٹل بنا، وہ اس سے قبل 2005، 2008، 2010 اور 2012 میں بھی ہوم ایونٹ اپنے نام کرچکے ہیں، یہ برائن برادرز کے کیریئر کا 16واں گرینڈ سلم ٹائٹل تھا۔جونیئر بوائز فائنل میں آسٹریلیا کے اومر جسیکا نے فرنچ حریف کوئنٹن ہیلز کو 2-6، 7-5 اور 6-1 سے قابو کرلیا، جونیئر گرلز ٹرافی مقابلے میں جمہوریہ چیک کی میری بوزکووا نے یوکرینی حریف اینہلینا کالینیا کو 6-4، 7-6 (7/5) سے ہرادیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔