سائٹ سے پولیس اہلکار کے قاتل 2 دہشت گرد گرفتار چھاپوں میں 70 ملزم پکڑے گئے

دہشت گرد ظفر لغاری پنجاب پولیس کو سنگین مقدمات میں مطلوب ہے، ڈکیتی میں مزاحمت کے دوران ڈکیت کو شہریوں نے پکڑلیا

پولیس مقابلے میں ملزم تیمورکوزخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، ملزمان سے کلاشنکوف، 21 پستول اور 3 دستی بم برآمد کرلیے گئے۔ فوٹو: فائل

پولیس نے 2 دہشت گردوں سمیت72 ملزم گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم برآمد کر لیے۔

تفصیلات کے مطابق سی آئی ڈی انسداد انتہا پسندی سیل پولیس نے خفیہ اطلاع پر سائٹ بی کے علاقے اسٹیٹ ایونیو روڈ کے قریب کارروائی میں مبینہ دہشت گردوں ظفر اقبال لغاری عرف ظفری اور منور کو گرفتا رکرکے ان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف 15 گولیوں، ایک پستول 9 گولیاں اور 2 دستی بم برآمد کرلیے، ملزم منور ہیڈکانسٹیبل وطن زادہ کے قتل میں نامزد ہے، ملزم ظفر اقبال 13 سنگین جرائم میں ملوث ہے، ملزم کے خلاف پنجاب کے تھانہ رکن پور میانوالی میں کئی مقدمات درج ہیں جن میں ملزم پولیس کو مطلوب تھا، ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔


گلشن اقبال بلاک 7 میں واقع ماشا اﷲ جنرل اسٹور میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈکیت نے دکان مالک سعید ولد انیس کو زخمی کردیا موقع پر موجود شہریوں نے ایک ڈکیت سہیل عرف تنویر ولد عبدالمجید کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا، ملزم کا ساتھی ڈکیت فرار ہوگیا ہے، پولیس نے ڈکیت سے پستول اور 3 گولیاں برآمد کی ہیں، پاک کالونی پولیس نے جہان آباد لاشاری محلے میں فائرنگ کے تبادلے میں ملزم تیمور ولد غلام رسول کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اس کے قبضے سے ایک پستول 3 گولیاں اور ایک موٹر سائیکل برآمد کر لی، ملزم کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

جمشید ٹاؤن پولیس نے 3 ملزمان شاہد خان ، محمد رفیق، عبدالرحیم ، نعمت خان اور بریگیڈ پولیس نے ملزم محمد شاکر احمد کو گرفتار کر لیا، لانڈھی پولیس نے منشیات رکھنے کے الزام میں 2 ملزمان محمد ایاز، محمد عامر کو گرفتار کر لیا، پولیس نے 24 گھنٹے کے دوران 102 چھاپوں، 5 پولیس مقابلوں میں 62 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 19 پستول ، دستی بم اور منشیات برآمد کر لی۔
Load Next Story