کھیل کود بگ تھری کا پہلا حملہ

سعید اجمل پر حملے جیسا بڑا فیصلہ بگ تھری کے قیام کے بعد اُمیدوں کے عین مطابق ہوا ہے۔

پی سی بی نے بگ تھری کو چیلنچ کرنے کے بجائے سعید اجمل کے ایکشن میں بہتری کرواکر دوبارہ ٹیسٹ کے لیے آئی سی سی سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔۔۔ لیکن ایسا نہ ہوکہ کوا چلے ہنس کی چال اور اپنی چال بھی بھول جائے۔ فوٹو: فائل

MULTAN:
وہی ہوا جس کا ڈر تھا ۔۔۔۔ مگر میں نے تو سنا تھا کہ پاکستان کو بگ فور میں شامل کرلیا گیا ہے ۔۔۔۔ کیا کہا دل کے بہلانے کو غالب خیال اچھا ہے ۔۔۔ نہیں نہیں ۔۔۔ وہ بات الگ تھی جب بگ تھری بنا تھا اور پاکستان نے اُصولی موقف کو اپناتے ہوئے اِس اقدام کی شدید مخالفت کی تھی کہ اِس طرح کرکٹ تباہ ہوجائے گی ۔۔۔ مگر پھر تو ہمارے اور آپکے نجم سیٹھی نے سمجھدارانہ فیصلہ کرتے ہوئے بادشاہت کو تسلیم کرلیا تھا اور اِس کے بدلے ہمیں بڑے بڑے خواب بھی دکھائے گئے تھے۔

خیر یہ تو بے کار کی باتیں ہیں ۔۔۔ اصل بات یہ ہے کہ آپ کے اور ہمارے پیارے سعید اجمل پر غیر قانونی ایکشن کے سبب بگ تھری المعروف آئی سی سی نے کرکٹ کے دروازے بند کردیے گئے ہیں ۔۔۔ اب آپ یہاں یہ سوچ رہے ہونگے کہ موصوف نے تو کرکٹ کیرئیر کا آغاز2 جولائی، 2008 کو کیا تھا تو 6 سال بعد ایکشن پر اعتراض کیوں لگا؟ جو جواب ہرگز ہرگز مشکل نہیں ۔۔۔ اگر بگ تھری کا قیام 2008 میں ہوجاتا تو شاید یہ عظیم باولر تو اپنے کیرئیر کا آغاز بھی نہ کرپاتے ۔۔۔ مگر بات وہی ہے نہ
مدعی لاکھ برا چاہے تو کیا ہوتا ہے

وہی ہوتا ہے جو منظورِ خدا ہوتا ہے

چلیں یہ تو بالکل ایسا ہی ہوا جیسا بگ تھری کے قیام کے بعد ہونے کی توقع تھی۔ اگر کوئی اچھے کی اُمید لگائے بیٹھا تھا تو مجھے اب خوشی ہوگی کہ اُس نے حقیقت کا سامنا بہت جلد کرلیا اور کسی بڑے دھوکے سے بچ گیا۔ ۔۔ چلیں جو ہونا وہ تو ہوگیا ۔۔۔۔ مگر اب سوچنا یہ ہے کہ اب کیا ہوگا؟ کیا پی سی بی نیند سے بیدا ر ہوگا؟ کیا پی سی بی زیادہ نہیں مگر تھوڑی بہت غیرت کا مظاہر ہ کریگا؟ کیا آئی سی سی کے فیصلے کے خلاف بغاوت کی جسارت کریگا؟ یا پھر اپنے نوجوان باولر محمد عامر کے کیس کی طرح خاموشی اختیار کریگی۔ مجھے یقین ہے کہ اِس موقع پر یہ سوال بھی اُٹھے گا کہ وہ تو میچ فکسنگ کا کیس تھا تو اُس کو اِس کیس سے نہیں ملانا چاہیے لیکن جناب عالی کیا آپ کو حال ہی کا واقعہ یاد ہے جس میں بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی اور سریش رائنا پر بھی فکسنگ کے الزامات لگے تھے مگر کس خوبصورتی کے ساتھ اِن دونوں کھلاڑیوں کو کلئیر کرواکر چوہدری نے اپنے چوہدراہٹ کا بھرپور ثبوت فراہم کیا۔


چونکہ ہم ایک جذباتی قوم ہیں اِس لیے اکثر و بیشتر سوچ رہے ہونگے کہ ہاں اِس بار پی سی بی دنیا کے نمبرون باولر کے لیے ضرور کوئی قدم اُٹھائے گا ۔۔۔ اگرچہ میں بھی جذباتی ہوں مگر اِتنا بھی نہیں کہ پی سی بی کے بارے میں یہ بدگمانی کرسکوں ۔۔۔ پی سی بی میں لوگ ابھی اختیارات کے لیے لڑ لڑ کر تھک چکے ہیں ۔۔۔ ابھی تو اُن کو کچھ آرام کا موقع میسر آنا چاہیے۔

چلیں جب تحریر لکھ ہی رہا ہوں تو پی سی بی کا بیان بھی سامنے آگیا جس میں مہذبانہ طرزعمل پیش کرتے ہوئے پی سی بی کا کہنا ہے کہ وہ اِس فیصلے کے خلاف اپیل دائر نہیں کریگی ۔۔۔ وجہ یہ بتائی گئی کہ اِس طرح کوئی فائدہ نہیں ہوگا ۔۔۔ تو ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اب ہم سعید اجمل کا ایکشن میں بہتری کرواکر دوبارہ ٹیسٹ کے لیے آئی سی سی سے رجوع کیا جائے گا ۔۔۔ لیکن ایسا نہ ہوکہ کوا چلے ہنس کی چال اور اپنی چال بھی بھول جائے ۔۔۔ کیونکہ جس عمر میں سعید اجمل موجود ہیں اِس عمر میں عموماً عادتیں تبدیل نہیں ہوتی تو ایکشن تو پھر دور کی بات ہے۔

نوٹ: روزنامہ ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 800 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر ، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اوراپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھblog@express.com.pk پر ای میل کریں۔ بلاگ کے ساتھ تصاویر اورویڈیو لنکس بھی بھیجے جا سکتے ہیں۔
Load Next Story