آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف فوجی جوانوں کی کارکردگی کو سراہا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین اور قادرآباد ہیڈ ورکس کا دورہ کیا جہاں مقامی کمانڈرز نے انہیں سیلاب متاثرین کے لئے کی جانے والی امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دی، آرمی چیف نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں میں مصروف فوجی جوانوں کی کارکردگی کو سراہا اور پاک فوج کے ریلیف اور ریسکیو آپریشن کا جائزہ لیا جبکہ جنرل راحیل شریف نے کمانڈرز کو ہدایت کی کہ مشکل کی اس گھڑی میں گھرے بھائیوں کی مدد کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے سیلاب متاثرہ علاقوں کا فضائی دورہ بھی کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ سیلاب متاثرین کی مدد میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔
واضح رہے کہ پنجاب میں شدید بارشوں کے باعث گجرات، سیالکوٹ سمیت متعدد شہروں کے نواحی علاقے پانی میں ڈوب چکے ہیں جبکہ سیلاب کے باعث اب تک 120 سے زائد افراد ہلاک اور لاکھوں زخمی ہوچکے ہیں۔