عمران خان ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیل رہے ہیں احسن اقبال

عمران خان نے اپنی اناکیلئےدوست ملک چین کو بھی نہیں بخشا ان کےمطابق تحریک انصاف والے فرشتے اورباقی سب چورہیں،وفاقی وزیر


ویب ڈیسک September 09, 2014
چیئرمین تحریک انصاف نے اپنی انا کے لئے دوست ملک چین کو بھی نہیں بخشا، احسن اقبال. فوٹو: فائل

KARACHI:

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیلنے کے ساتھ مسلسل غلط بیانی کر کے قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان کے مطابق صرف تحریک انصاف والے فرشتے اور باقی سب چور ہیں، مسلسل غلط بیانی سے کام لے کر وہ نوجوان نسل میں منفی سوچ پیدا کر رہے ہیں،سیاست کے امور برداشت سے چلتے ہیں اس لئے انہیں چاہیئے کہ الزام تراشی کے بجائے ملکی سیاسی اور سماجی حقیقتوں کو تسلیم کریں۔ انہوں نے کہا کہ چیرمین تحریک انصاف نے اپنی انا کے لئے دوست ملک چین کو بھی نہیں بخشا، چینی صدر کے دورے کے حوالے سے عمران خان کا جھوٹ عیاں ہوچکا ہے۔


وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ عمران خان نے بلوچستان کے حوالے سے زہریلا پروپیگنڈا کیا جبکہ حکومت نے جدوجہد کے بعد بلوچستان کی جماعتوں کو قومی دھارے میں شامل کیا ہے جبکہ اپنے آپ کو کپتان کہلانے والا شخص سیلاب پر بھی سیاست کر رہا ہے۔ انہوں نے عمران خان کی جانب سے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ تمام آمدنی کا باقاعدگی سے ٹیکس ادا کرتا ہوں جبکہ نیب بھی ان کے خلاف تحقیقات کے باوجود بدعنوانی ثابت نہیں کرسکا۔




 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔