ٹی ڈیپ نے ویزوں میں تاخیر کا الزام اسلام آباد کی صورتحال کو دیدیا

بیشتر نمائش کنندگان کو ویزے جاری ہو چکے، بھارتی ہائی کمیشن سے رابطے میں ہیں، اعلامیہ


Business Reporter September 10, 2014
11سے 14ستمبر تک ہونے والی نمائش ’عالیشان پاکستان کے متعدد شرکا کو 9 ستمبر کی شام تک ویزے جاری نہ ہوسکے۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: ٹی ڈی اے پی نے نئی دہلی میں ہونے والی نمائش کے شرکا کو ویزے کے حصول میں مشکلات اور تاخیر کی تصدیق کرتے ہوئے اسلام آباد کی سیاسی صورتحال کو ذمے دار قرار دے دیا ہے۔

11سے 14ستمبر تک ہونے والی نمائش 'عالیشان پاکستان' کے متعدد شرکا کو 9 ستمبر کی شام تک ویزے جاری نہ ہوسکے جس پر متاثرہ نمائش کنندگان نے منتظمین کے خلاف سخت ردعمل کا اظہار کیا۔متاثرہ نمائش کنندگان کا کہنا ہے کہ سیاسی صورتحال کی بنا پر صرف نمائش کنندگان کے ویزوں میں تاخیر ہوئی، ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے افسران کے ویزوں میں کیوں تاخیر نہیں ہوئی، افسر شاہی نے اپنا ٹی اے ڈی اے بنانے کیلیے ویزے حاصل کرلیے اور کراچی کے ایگزیبیٹرز کو اسلام آباد آفس کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا۔

نمائش کنندگان کے مطابق انہوں نے کئی روز قبل اپنے پاسپورٹ اور سفری دستاویزات اتھارٹی کے حوالے کردی تھیں، اس کے باوجود لاکھوں روپے خرچ کرنے والے نمائش کنندگان نمائش شروع ہونے سے ایک روز قبل تک ویزوں کے منتظر ہیں، ویزوں میں تاخیر کے سبب بھارتی تاجروں کے ساتھ بزنس ٹو بزنس ملاقاتوں کا شیڈول بھی فائنل نہیں ہوسکا اور نمائش کے ذریعے دوطرفہ تجارتی روابط بڑھانے کے مقاصد بھی پورے ہوتے نظر نہیں آرہے، کمپنیوں نے اسٹالز کی تیاری کیلیے بھارتی وینڈرز سے کنٹریکٹ بھی کرلیے تھے۔

مصنوعات کے جان دار ڈسپلے کیلیے تھری ڈائمنشین اسٹالز بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا جن کی تعمیر میں 3 روز لگنے تھے لیکن ایگزیبیٹز کے بروقت نئی دہلی نہ پہنچنے سے اب عارضی اسٹالز کے ذریعے مصنوعات کی تشہیر کرنا ہوگی، تاخیر کی وجہ سے نمائش اپنی افادیت کھوچکی ہے اور ایگزیبیٹرز کی دلچسپی بھی کم ہوگئی ہے۔

ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے اس ضمن میں جاری کردہ اعلامیے میں کہا ہے کہ ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی ویزے کے اجرا کے مسئلے سے باخبر رہی، یہ مسئلہ اسلام آباد میں جاری سیاسی صورتحال کا نتیجہ ہے۔ بھارتی ہائی کمیشن نے ٹی ڈی اے پی کے سربراہ کی خصوصی درخواست پر ہفتہ اور اتوار کے روز ویک اینڈ کے باوجود ویزے جاری کیے، ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا اسلام آباد دفتر مسلسل رابطے میں ہے جبکہ 2 افسران بھارتی ہائی کمیشن کی انتظار گاہ میں موجود ہیں۔ بیان کے مطابق 9 ستمبر تک زیادہ تر شرکا اور نمائش کنندگان کو ویزے جاری کیے جاچکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں