سیاسی بحران کے حل کی توقعات حصص مارکیٹ میں 143 پوائنٹس کا اضافہ

غیر ملکیوں کی 37 لاکھ 56 ہزار ڈالر کی سرمایہ کاری، انڈیکس 29728 پر جا پہنچا، بیشتر کمپنیوں کی قیمتیں بڑھ گئیں


Business Reporter September 10, 2014
مارکیٹ سرمایہ مزید 23 ارب 38 کروڑ روپے بڑھ گیا، کاروباری حجم 48 فیصد بہتر فوٹو: اے ایف پی/فائل

ISLAMABAD: حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کی کوششوں کے نتیجے میں جاری سیاسی بحران حل ہونے کی توقعات پرخریداری سرگرمیوں کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو بھی تیزی کا رحجان غالب رہا جس سے انڈیکس کی29600 اور 29700 پوائنٹس کی 2 حدیں بیک بحال ہوگئیں، 58.31 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید 23 ارب38 کروڑ43 لاکھ23 ہزار 920 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ تیزی میں فارماسیوٹیکل کمپنیوں کے حصص میں بڑھتی ہوئی خریداری نے اہم کردار ادا کیا ہے جس کی وجہ سے منگل کو دوسرے دن بھی مارکیٹ پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں، ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، بینکوں مالیاتی اداروں، این بی ایف سیزاور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر75 لاکھ68 ہزار566 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلابھی کیا گیا لیکن اس انخلا کے باوجود مارکیٹ میں تیزی کا تسلسل قائم رہا کیونکہ اس دوران غیر ملکیوں کی جانب سے37 لاکھ56 ہزار 319 ڈالر، میوچل فنڈز کی جانب سے12 لاکھ27 ہزار660 ڈالر اور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے 25 لاکھ 84 ہزار 587 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی۔

تیزی کے باعث کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 143.31 پوائنٹس کے اضافے سے 29728.91 ہوگیا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 180.20 پوائنٹس کے اضافے سے 48687.46 اور کے ایم آئی30 انڈیکس43.65 پوائنٹس کے اضافے سے 20497.67 ہوگیا، کاروباری حجم پیر کی نسبت 48.26 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر13 کروڑ31 لاکھ 81 ہزار 690 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار403 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں235 کے بھائو میں اضافہ، 147 کے داموں میں کمی اور21 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔