ریلوے کا 15اکتوبر سے 2 نئی مسافر ٹرینیں چلانے کا اعلان

لاہور تا ملتان موسیٰ پاک ایکسپریس بحال کی جائیگی، کراچی تا میرپورخاص نئی ٹرین چلے گی


Numainda Express September 10, 2014
فریٹ سروس بہتر بناکر آمدن بڑھانا ترجیح ہے، جی ایم ریلوے، نئے ریک کا افتتاح۔ فوٹو: فائل

پاکستان ریلوے نے 15 اکتوبر سے 2 نئی مسافر ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔

جنرل منیجر آپریشن ریلوے جاوید انور بوبک نے لاہور ریلوے اسٹیشن پر کراچی ایکسپریس کے نئے ریک کے افتتاح اور ٹرین کی روانگی کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں کی سہولت کے لئے 15 اکتوبر سے 2 مزید نئی ٹرینیں چلائی جا ئیں گی۔ اس موقع پر ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور عبدالحمید رازی، ڈی ٹی او لاہور حمدان نذیر اور ڈی سی او ملک شہباز ببر بھی موجود تھے۔ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے جاوید انور بوبک نے کہا کہ کراچی ایکسپریس کے ریک کی تزئین نوکی گئی ہے۔ اس میں مسافروں کی سہولت کیلیے پبلک ایڈریس سسٹم متعارف کرانے سمیت اے سی سلیپر کوچ کے باتھ رومز میں مسلم شاور کا پرانا سسٹم بھی بحال کر دیا گیا ہے۔ اسی طرز پر ایک اور ریک کی اسی ماہ 30 ستمبر تک تزئین نو کی جائے گی جس کے بعد بتدریج تمام ریکس کو بہتر بنایا جائے گا۔

انھوں نے بتایا کہ15 اکتوبر سے شروع ہونے والے موسم سرما کے نئے ٹائم ٹیبل سے 2 نئی مسافر ٹرینیں چلائی جائیں گی جن میں ایک ٹرین کراچی اور میرپور خاص کے درمیان براستہ حیدرآباد چلے گی جبکہ دوسری ٹرین لاہور ملتان کے درمیان چلنے والی موسیٰ پاک ایکسپریس بحال کی جائے گی اور ٹرینوں کی آمدورفت کا شیڈول نئے ٹائم ٹیبل میں جاری کیا جائے گا۔ ہماری اولین ترجیح فریٹ سروس کو بہتر بناکر آمدن بڑھانا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں