کراچی میں فائرنگ سے جاں بحق مفتی نعیم کے داماد مولانا مسعود سپرد خاک

مولانا مسعود بچوں کو اسکول سے لینے جا رہے تھے کہ ملزمان نے حیدری کے قریب ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی، پولیس


ویب ڈیسک September 10, 2014
مولانا مسعود بیگ کو سر اور سینے پر 3 گولیاں لگیں جس کی وجہ سے ان کی موت واقع ہوئی، ایس ایس پی سنٹرل۔ فوٹو؛ ایکسپریس نیوز

حیدری میں نامعلوم افراد کی گولیوں کا نشانہ بننے والے جامعہ بنوریہ کے مہتمم مفتی نعیم کے داماد مولانا مسعود بیگ کو سائٹ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مولانا مسعود بیگ اپنے بچوں کو اسکول سے لینے کے لئے جا رہے تھے کہ گھات لگائے ملزمان نے حیدری کے قریب ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں انھیں 3 گولیاں لگیں۔ امدادی ٹیموں کے اہلکار مولانا مسعود کو لے کر اسپتال جا رہے تھے کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ واقعے کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

ایس ایس پی سنٹرل کا کہنا ہے کہ مولانا مسعود بیگ کو سر اور سینے پر 3 گولیاں لگیں جس کی وجہ سے ان کی موت واقع ہوئی۔ مولانا مسعود جامعہ بنوریہ میں استاد اور مدرسے کے مہتمم مفتی نعیم کے داماد تھے، انھوں سے سوگواران میں ایک بیٹا اور ایک بیٹی چھوڑے ہیں۔ مولانا مسعود کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر کے پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لئے کارروائی کا آغاز کردیا ۔

دوسری جانب واقعے کے بعد ناظم آباد اور حیدری سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں حالات کشیدہ ہو گئے جب کہ مشتعل افراد نے ٹائر جلا کر سڑکیں بھی بلاک کر دیں جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی تاہم عوامی احتجاج کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں