وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حالیہ سیلاب 70 اور 90 کی دہائی سے بڑا ہے اور اپنی سیاسی زندگی میں کبھی اتنا بڑا سیلاب نہیں دیکھا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت صوبے میں سیلاب کی صورتحال اور اس کے نتیجے میں ہونے والی تباہی کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں انتظامیہ کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے بھر میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں اور وہاں پر جاری ریلیف کاموں کا جائزہ لیا گیا جبکہ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں فوری ریلیف کیمپ لگانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ 95 فیصد افراد کو سیلاب زدہ علاقوں سے نکال لیا گیا ہے اور آئندہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے 2010 کے ماڈل کے مطابق منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔
شہبازشریف کاکہنا تھا کہ حالیہ سیلاب 70 اور 90 کی دہائی سے بھی بڑا اور اور اپنی سیاسی زندگی میں اتنا بڑا سیلاب نہیں دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں ریلیف کاموں کے لیے ہیلی کاپٹر دیئے جائیں گے جبکہ شہبازشریف نے لاہور میں پیش آنے والے مسجد حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے امدادی رقم پانچ لاکھ سے بڑھا کر 16 لاکھ کرنے کا اعلان کیا اور حادثے میں زخمی ہونے والوں کوبھی ایک لاکھ فی کس دینے کی ہدایت جاری کیں۔