وزیراعظم استعفی دیں ہمارے پاس دھاندلی کے ثبوت موجود ہیں عمران خان

اعتزازاحسن اورچوہدری نثار نے ایک دوسرے پر کرپشن کے الزامات لگائے جس کے بعد مک مکا کرلیا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی


ویب ڈیسک September 10, 2014
حکمران قوم میں مذہی و لسانی تفریق پیدا کر کے اپنے مفادات حاصل کر رہے ہیں، عمران خان، فوٹو:ایکسپریس نیوز/فائل

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس وزیراعظم کی دھاندلی کے ثبوت موجود ہیں اس لئے وہ تحقیقات تک اپنے عہدے سے استعفی دیں۔


ڈی چوک پر آزادی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم پرامن ہیں لیکن ہمارے خلاف زہر اگلا جارہا ہے، ہماری جنگ اقتدار کی نہیں بلکہ ظالم اور مظلوم کے درمیان ہے، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران اعتزاز احسن اور چوہدری نثار نے ایک دوسرے پر کرپشن کے الزامات لگائے جس کے بعد چوہدری نثار نے پریس کانفرنس میں کہا کہ جمہوریت کی خاطر کچھ نہیں کہوں گا، یہ جمہوریت نہیں بلکہ مک مکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے بجلی کے بل دیئے تو 6 ماہ بعد بجلی 15 سے 20 فیصد اور مہنگی ہوجائے گی،حکمران جواب دیں بجلی کی قیمت دو گنا کیوں کی گئی۔


چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ 13 اگست کو دھرنے کا ایک مہینہ مکمل ہونے پر آزادی کا اتنا بڑا جشن منائیں گے جس کی ملکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، ہفتے کو کوئی سندھی، پنجابی، کشمیری ، بلوچی اور پنجابی نہیں ہوگا بلکہ ایک قوم بن کر جشن منائیں گے،اسلام آباد اور راولپنڈی کے نوجوانوں کو دھرنے میں دیکھنا چاہتا ہوں اگر موقع ضائع ہوگیا تو نوجوان ساری عمر روئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کی پیشگی اطلاعات کے باوجود حکومت کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے،میٹرو منصوبے پر لگائی جانے والی رقم اگر سیلاب کی روک تھام کے لئے لگائی جاتی تو عوام سیلاب میں نہ ڈوبتے۔


عمران خان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں بڑے بڑے مگر مچھ بیٹھے ہیں جنہوں لوگوں کی ضمیروں کی قیمت لگائی جب کہ تقریروں سے ایسا لگتا ہے کہ حکمران ڈرے ہوئے ہیں، ہماری تحریک پورے پاکستان میں پھیلتی جارہی ہے اور اس تحریک کو اب کوئی نہیں روک سکتا جس میں انگلینڈ سمیت یورپ سے لوگ شرکت کرنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مقابلہ صرف ایک ہے، ایک طرف مظلوم اور دوسری طرف تھوڑے سے ظالم متحد ہیں لیکن ان ظالموں کا مقابلہ اکیلا ہی کروں گا، پاکستان کی قوم جاگ چکی ہے اب ملک کے حالات جلد بدلیں گے۔


پی ٹی آئی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ حکمران قوم میں مذہی و لسانی تفریق پیدا کر کے اپنے مفادات حاصل کر رہے ہیں، پارلیمنٹ میں موجود جماعتیں وزیراعظم کو اس لئے نہیں بچارہے کہ انہیں نواز شریف سے پیار ہے بلکہ انہیں خوف ہے کہ کہیں نواز شریف کے جانے سے ان کی لوٹ مار بند نہ ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی آئی خان میں ضمنی انتخاب کے دوران تما سیاسی جماعتیں اکٹھی ہوگئئیں تھیں لیکن پھر بھی تحریک انصاف نے کامیابی حاصل کی۔



 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں