سعید اجمل کی اسپن بولنگ ‘رفتار کی شاعری

سعید اجمل بلاشبہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم کا قیمتی اثاثہ ہیں...


Editorial September 10, 2014
سعید اجمل بلاشبہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم کا قیمتی اثاثہ ہیں. فوٹو: فائل

PESHAWAR: یہ خبر تو کرکٹ کے شائقین پر بجلی بن کر گری ہے کہ سعید اجمل کے بولنگ کو آئی سی سی نے مشکوک قرار دے کر ان پر پابندی عائد کر دی ہے، گو کہ بولر اس فیصلے کے خلاف اپیل کر سکتا ہے لیکن ایک خدشہ یہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگر پی سی بی نے یہ کیس درست انداز میں نہ لڑا تو ایک سال تک کی پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ورلڈ کپ کی آمد سے قبل آئی سی سی کا یہ فیصلہ جس میں انھیں اپنا بولنگ ایکشن درست (تبدیل) کرنے کی بھی تاکید کی گئی ہے بہت سے سوالات کو ذہن میں جنم دیتا ہے، سادہ سی بات ہے کہ 446 وکٹیں لینے والے بولر کا ایکشن یکایک ''غیر قانونی''کیونکر ہو گیا، کہیں ایسا تو نہیں کہ کچھ نادیدہ قوتیں پاکستانی ٹیم کو ورلڈ کپ کی جیت سے محروم کرنا چاہتی ہوں۔ سعید اجمل کا جادو تو سر چڑھ کر بولتا ہے، ان کی اسپن بولنگ رفتار کی شاعری ہے۔ دنیا کے نامی گرامی بلے باز ان کی 'دوسرا' کو سمجھ نہیں پاتے اور اپنی وکٹیں گنوا بیٹھتے ہیں۔

سعید اجمل بلاشبہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم کا قیمتی اثاثہ ہیں، اس کھلاڑی کی کارکردگی پر جتنا بھی فخر کیا جائے وہ کم ہے۔ ورلڈ کپ میں پاکستان کی جیت کا انحصار بھی سعید اجمل کی کارکردگی پر ہے کیونکہ وہ اس وقت ون ڈے کی رینکنگ میں نمبر ون بولر ہیں۔ بظاہر تو بائیو مکینک رپورٹ اور پندرہ ڈگری سے تجاوز کرتی ہوئی گیندوں کو اس فیصلے کا جواز بنایا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سعید اجمل کا موقف ہے کہ ایک حادثے کی وجہ سے بازو میں نارمل سے زیادہ خم ہے، ماہرین میری میڈیکل رپورٹس کو دیکھیں تو مجھے امید ہے کہ ان کا فیصلہ تبدیل ہو گا۔ سعید اجمل پر پابندی کی خبر نے یقینا شائقین کرکٹ کو افسردہ کر دیا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں اب تک مختلف ٹیموں کے اکیس بولرز مشکوک بولنگ ایکشن کی وجہ سے رپورٹ کیے گئے ہیں لیکن مسئلہ یہ ہے کہ 'ایکشن' کی مکمل تبدیلی اور اس کی کلیئرنس کے عمل پر پی سی بی نے روایتی بے حسی دکھائی اور ان کا 'متبادل' تلاش کر کے ٹیم بنانے کی کوشش کی تو یہ عمل کسی خودکش حملے سے کم نہ ہو گا اس کا نقصان پاکستان کی کرکٹ ٹیم کو پہنچے گا جس کے ہم متحمل نہیں ہو سکتے۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں