پاک افغان بارڈر پر خندق کی کھدائی

370 کلومیٹر کی طوالت پر مشتمل خندق کی کھدائی میں سے 235 کلومیٹرکھدائی مکمل کی جا چکی ہے...


Editorial September 12, 2014
370 کلومیٹر کی طوالت پر مشتمل خندق کی کھدائی میں سے 235 کلومیٹرکھدائی مکمل کی جا چکی ہے۔ فوٹو: فائل

LIVERPOOL: فرنٹیئر کور بلوچستان کی زیرنگرانی پاک افغان بارڈر کے ساتھ 480 کلومیٹر پر مشتمل طویل خندق کھودی جارہی ہے۔ خندق کی گہرائی آٹھ فٹ جب کہ چوڑائی دس فٹ ہے۔ واضح رہے پاک افغان سرحد کی مجموعی طوالت دو ہزار کلومیٹر کے لگ بھگ ہے جس کے اس حصے پر خندق کھودی جا رہی ہے جہاں سے پاکستان کو دوسری طرف سے کسی در اندازی کا احتمال ہو سکتا ہے۔ دونوں ملکوں میں 111 کلومیٹر خندق پہلے سے موجود ہے جس کی دوبارہ مرمت اور صفائی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔

370 کلومیٹر کی طوالت پر مشتمل خندق کی کھدائی میں سے 235 کلومیٹرکھدائی مکمل کی جا چکی ہے جب کہ 135 کلومیٹر کھدائی کا کام باقی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ خندق پر مختلف مقامات پر زمین کی نوعیت اور ساخت کی مناسبت سے کام جاری ہے۔ حکومت پاکستان کا یہ مثبت فیصلہ ہے۔ پاک افغان سرحد کو محفوظ بنانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ جہاں خندق کھود کر اسے محفوظ بنایا جا سکتا ہے' وہاں خندق کھودی جائے اور جہاں ایسا ممکن نہیں ہے' وہاں دیوار تعمیر کی جائے یا خار دار تار لگائی جائے۔ افغانستان سے پاکستان آنے والوں کے لیے سفری دستاویزات اور ویزا کے بغیر داخلے کو بند کیا جانا چاہیے۔

اس وقت صورت حال یہ ہے کہ افغانستان سے پاکستان میں دہشت گرد بلا روک ٹوک آ رہے ہیں' افغان مہاجرین ابھی تک یہاں موجود ہیں' ان کی وجہ سے ایک جانب پاکستان کی معیشت متاثر ہو رہی ہے تو دوسری جانب ملک میں معاشرتی مسائل اور لاقانونیت میں اضافہ ہو رہا ہے' اس لیے ضروری ہے کہ پاک افغان سرحد پر زیادہ سے زیادہ حفاظتی اقدامات کیے جائیں تاکہ صرف قانونی آمدورفت ہی ممکن ہو سکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں