کمیٹیاں چاہیں جتنے مذاکرات کرلیں نوازشریف کے استعفے کے بغیر نہیں جاؤں گا عمران خان

پارلیمنٹ میں بیٹھے افراد کا مک مکا ہوچکاکہ ایک دوسرے کی چوری نہیں بتانی جس کی مثال چوہدری نثار اور اعتزاز احسن کی ہے

انتخابات میں عوام ووٹ کسی اور کو ڈالتے ہیں اور جیت کوئی اور جاتا ہے،۔،عمران خان فوٹو؛ ایکسپریس نیوز/فائل

ISLAMABAD:

چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ مذاکراتی ٹیمیں جتنے چاہیں مذاکرات کرلیں لیکن وزیراعظم کا استعفیٰ لئے بغیر اسلام آباد سے نہیں جاؤں گا.


اسلام آباد کے ڈی چوک پر آزادی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ میری نواز شریف سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں لیکن ملک پر مسلط نواز شریف ذہنیت کے خلاف لڑ رہا ہوں اور اس کے لئے استعفی لئے بغیر دھرنا ختم نہیں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دل میں چور ہے اس لئے وہ انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے دوران صرف ایک ماہ کے لئے استعفیٰ دینے سے خوفزدہ ہیں جبکہ پارلیمنٹ میں بیٹھے افراد بھی خوفزدہ ہیں کہ کہیں عوام کو ان کے حقوق پتہ نہ چل جائے۔



چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں بیٹھے افراد کا مک مکا ہوچکا ہے کہ ایک دوسرے کی چوری نہیں بتانی جس کی مثال چوہدری نثار اور اعتزاز احسن کی ایک دوسرے پر پارلیمنٹ میں عوام کا پیسہ چوری کرنے کے الزامات ہیں لیکن اگلے ہی روز چوہدری نثار نے کہا کہ وہ جمہوریت بچانے کے لئے چپ ہوگئے ہیں، اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ حکمرانوں نے ایک دوسرے کی کرپشن پر پردہ ڈالنے کے لئے جمہوریت کی آڑ لے رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن میں حکومت کی جانب سے بدترین تشدد کا مظاہرہ کیا گیا، نہتے افراد پر تشدد کے بعد وزیراعظم نواز شریف کو استعفیٰ دے دینا چاہئے تھا لیکن ایسا نہیں کیا گیا اور قتل کی ایف آئی آر بھی ہٹ دھرمی کے بعد کاٹی گئی۔


عمران خان نے کہا کہ انتخابات میں عوام ووٹ کسی اور کو ڈالتے ہیں اور جیت کوئی اور جاتا ہے، کراچی کے حلقہ این اے 256 پر تحریک انصاف کے امیدوار نے 84 ہزار ووٹوں کی گنتی کا مطالبہ کیا جس میں سے صرف 6 ہزار 800 ووٹ درست نکلے اور باقی سب جعلی تھے۔


Load Next Story