سندھ پولیس اور ایچ ڈی اے سے ریکوری کیلئے ایف بی آر کا وزارت خزانہ سے پھر رجوع

فیڈرل ایڈجسٹر نے وزیراعظم کے فیصلے تک ایف بی آر کو کارروائی سے پہلے بھی روک دیا تھا


Irshad Ansari September 12, 2014
وزیراعلیٰ سندھ نے ٹیکسوں کا معاملہ وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ اٹھایا ہوا ہے، ذرائع۔ فوٹو: فائل

SUKKUR: ایف بی آر نے سندھ پولیس اور حیدر آباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی(ایچ ڈی اے) سے ریکوری کیلیے وزارت خزانہ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایف بی آر ذرائع نے بتایا کہ سندھ پولیس اور حیدر آباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی(ایچ ڈی اے) کے ذمے کروڑوں روپے کے ٹیکس واجبات ہیں جو ادا نہیں کیے جارہے ہیں اور اس بارے میں متعدد مرتبہ کوششیں کی جا چکی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر نے ٹیکس وصولی کے لیے کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا تھا مگر وفاقی حکومت کے فیڈرل ایڈجسٹر نے وزیراعظم کے فیصلے کا انتظار کیے بغیر ایف بی آر کو سندھ پولیس اور ایچ ڈی اے کے خلاف یک طرفہ کارروائی سے روک دیا تھا اور کہا تھا کہ جب تک وزیراعظم کا فیصلہ نہیں آجاتا اس وقت تک ایف بی آر کی طرف سے کسی قسم کا کوئی یکطرفہ فیصلہ نہ دیا جائے اور وزیراعظم کے فیصلے کا انتظار کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق فنانس ڈویژن وزارت خزانہ میں قائم فیڈرل ایڈجسٹر آفس کی طرف سے چیئرمین ایف بی آر طارق باجوہ کو لیٹر لکھا گیا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے حکومت سندھ کی طرف سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ساتھ سندھ پولیس اور حیدر آباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ٹیکسوں کا معاملہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے ساتھ اٹھایا ہے اور اس بارے میں وزیراعلی کے ذریعے سندھ حکومت کی طرف سے تیار کردہ کیس وزیراعظم کو بھجوایا گیا ہے لہٰذا اب اس معاملے کا چونکہ وزیراعظم کی سطح پر جائزہ لیا جارہا ہے۔

اس لیے جب تک اس معاملے کے بارے میں وزیراعظم کی طرف سے کوئی فیصلہ نہیں آجاتا اس وقت تک مزید کارروائی نہ کی جائے اور اس معاملے میں وزیراعظم جو فیصلہ دیں گے اس کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اب ایف بی آر نے دوبارہ وزارت خزانہ سے رجوع کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ معاملے کو حل کیا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔