ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے کراچی تنظیمی کمیٹی کو تحلیل کردیا

دفتر بند سابق انچارج ڈاکٹر ندیم احسان نے چابیاں اورریکارڈ رابطہ کمیٹی کی تحویل میں دے دیا ہے


Staff Reporter September 12, 2014
کراچی تنظیمی کمیٹی کو تحلیل کرنے کا فیصلہ الطاف حسین کی منظوری سے رابطہ کمیٹی نے طویل مشاورتی اجلاس کے بعد کیا۔ فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی میں تنظیمی سیٹ اپ کی نگرانی کے لئے کام کرنے والی سب سے اہم کمیٹی کراچی تنظیمی کمیٹی کو تحلیل کردیا ہے، کراچی تنظیمی کمیٹی کو تحلیل کرنے کا فیصلہ الطاف حسین کی منظوری سے رابطہ کمیٹی نے طویل مشاورتی اجلاس کے بعد کیا۔

کراچی تنظیمی کمیٹی کو تحلیل کرنے کے بعد نائن زیرو پر اس کمیٹی کے دفتر کو عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے، کے ٹی سی کے سابق انچارج ڈاکٹر ندیم احسان نے دفتر کی چابیاں اور ریکارڈ رابطہ کمیٹی کی تحویل میں دے دیا ہے، ایم کیو ایم کے ذرائع نے بتایا کہ اس کراچی تنظیمی کمیٹی کے سیٹ اپ کو مئی 2013ء میں قائم کیا گیا تھا، کارکنان کی شکایات پر الطاف حسین نے اس وقت کی تنظیمی کمیٹی کے اراکین کو ان کے عہدوں سے ہٹادیا تھا، اس کے بعد کراچی تنظیمی کمیٹی کا انچارج سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر ندیم احسان کو بنایا گیا اور اس کمیٹی کا جوائنٹ انچارج ارشاد کمالی کو مقرر کیا گیا اس کے ارکان کی تعداد 36 تھی۔

ایم کیو ایم ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی تنظیمی کمیٹی کو تحلیل کرنے کے بعد شہرمیں تنظیمی سیٹ اپ کی نگرانی رابطہ کمیٹی کرے گی اور اس کیلیے4 ارکان پر مشتمل ایک نگراں کمیٹی قائم کی گئی ہے جس کے انچارج رابطہ کمیٹی کے رکن عامر خان ہوں گے اور ان کی معاونت کنورنوید جمیل اور دیگر دو ارکان کریں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ نگراں کمیٹی کراچی میں ایم کیو ایم کی 26 سیکٹر اور 225 سے زائد یونٹس کے تمام تنظیمی امور کی الطاف حسین کی ہدایت پر نگرانی کرے گی، اب مرحلہ وار ایم کیو ایم کے یونٹس اور سیکٹر کی سطح پر عہدیداروں کی تبدیلیاں قائم کی جائیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رابطہ کمیٹی کے بعض اراکین نے یہ تجویز دی ہے کہ کراچی میں ایم کیو ایم میں پرانا تنظیمی سیٹ اپ بحال کردیا جائے، اس حوالے سے یہ تجویز مرتب کی گئی ہے کہ 5 سیکٹرز پر ایک زون قائم کردیا جائے اور کراچی میں تنظیمی سیٹ اپ کی نگرانی کے لیے پانچ زون قائم کیے جائیں، ہر زون 5 عہدیداروں پر مشتمل ہو اور یہ زون براہ راست سیکٹرز اور یونٹس کی نگرانی کرے اور ان زونز کی نگرانی رابطہ کمیٹی کرے، ایم کیو ایم کے ذرائع کا کہنا ہے کہ الطاف حسین کراچی کے تنظیمی سیٹ کو براہ راست مانیٹر کررہے ہیں اور جلد پاکستان کی رابطہ کمیٹی میں بھی تبدیلیوں کا امکان ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |