وفاق نے کراچی آپریشن کاپلان تبدیل کرنے کی منظوری دے دی

کراچی آپریشن کے نئے پلان کے تحت شہر کو4زونز میں تقسیم کیا گیا ہے

نئے پلان کی پہلی حکمت عملی کے تحت ریڈ زون میں قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کے خلاف مربوط کارروائیاں کریں گے، ذرائع۔ فوٹو: فائل

لاہور:
کراچی میں بڑھتی ہوئی فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں اور امن و امان کی مخدوش صورت حال کے پیش نظر وفاقی حکومت نے کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کا پلان تبدیل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔


قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے بھیجے گئے نئے آپریشنل پلان کو وفاقی حکومت نے منظورکرتے ہوئے ہدایات جاری کی ہیں کہ سیکیورٹی ادارے کارروائیوں میں فوری اضافہ کریں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی آپریشن کے نئے پلان کے تحت شہر کو4زونز میں تقسیم کردیا گیا، پہلا حصہ ریڈ زون ہوگا اس زون میں ایسے علاقے شامل ہوں گے جہاں امن و امان کی صورت حال انتہائی مخدوش ہے، دوسرا انتہائی حساس علاقوں، تیسرا زون حساس علاقوں اور چوتھا زون نارمل علاقوں پر مشتمل ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے آپریشنل پلان کی پہلی حکمت عملی کے تحت ریڈ زون میں قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کے خلاف مربوط کارروائیاں کریں گے، ان کارروائیوں میں نشان زد علاقوں کا مکمل محاصرہ کیا جائے گااور محاصرے کے دوران ہیلی کاپٹر کے ذریعے چھاتہ بردار کمانڈوز اتارے جائیں گے۔
Load Next Story