ہیڈ محمد والا میں 100 فٹ چوڑا شگاف ڈال دیا گیا مظفر گڑھ کا ملتان سے زمینی رابطہ منقطع

سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کے 7 ہیلی کاپٹر اور 100 کشتیاں آپریشن میں حصہ ل رہی ہیں، آئی ایس پی آر


ویب ڈیسک September 12, 2014
حکومت سندھ نے ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر فلڈ ایمرجنسی نافذ کر دی ہے. فوٹو؛ فائل

شدید بارشوں کے باعث کشمیر اور پنجاب کے بیشتر شہروں میں تباہی مچانے کے بعد سیلابی ریلا مظفر گڑھ میں داخل ہو گیا ہے جب کہ پانی کا بہاؤ کم کرنے کے لئے ہیڈ محمد والا میں 100 فٹ چوڑا شگاف ڈال دیا گیا ہے جس سے مظفر گڑھ کا ملتان سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اس وقت دریائے چناب سے 5 لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے جب کہ ہیڈ محمدوالاپر دریائے چناب سے آنے والا سیلابی ریلا مظفرگڑھ میں داخل ہو چکا ہے جس کی وجہ سے دو آبہ، سنکی، چک چہجڑہ، چک روہاڑی سمیت متعدد نشینی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ ڈیزاسٹرمنیجمنٹ سینٹر کے مطابق 12بجےکےبعد پانی کےبہاؤ میں اضافےکاخدشہ ہے جب کہ دریائے چناب میں ہیڈ تریموں کے مقام پر پانی کی آمد میں کمی واقع ہوئی ہے۔

ملتان شہر میں ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظرسیکڑوں دیہات خالی کرا لئے گئے ہیں جب کہ دریائی علاقوں کے لوگوں نے محفوظ مقامات پر نقل مکانی شروع کر دی ہے۔ ملتان شہر کو بچانے کے لئے ہیڈ محمد والا کے قریب 100 فٹ چوڑا شگاف ڈالا گیا ہے جس کے باعث سیلابی ریلہ محمد پور گھوٹہ، بٹہ سندیلا، بستی گرے والا اور دیگر نشیبی علاقوں سے ہوتا ہوا واپس دریا ئے چناب میں گر جائے۔ شگاف ڈالنے سے جھنگ، کوٹ ادو اور مظفر گڑھ کا ہیڈ محمد والا کی جانب سے ملتان سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے جب کہ ممکنہ سیلاب کے پیش نظر ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لئے پاک فوج اور سول انتظامیہ کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ ملتان میں پاک فوج کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری ہے، کور کمانڈر ملتان سیلابی آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں جب کہ پاک فوج کے ریسکیو آپریشن میں 7 ہیلی کاپٹرز اور 100 کشتیاں حصہ لے رہی ہیں۔

دریائے سندھ میں کوٹری بیراج کے مقام پر 44ہزار 132کیوسک پانی چھوڑاجا رہا ہے جب کہ سکھر بیراج سے 97ہزار 663کیوسک کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے، دریائےسندھ میں گڈوبیراج پرپانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے۔ آئندہ 24گھنٹوں کےدوران پانی کی سطح میں 50 ہزار کیوسک اضافہ متوقع ہے۔ گدو بیراج کے مقام پر 15 اور 16 ستمر کو اونچے درجے کے سیلاب کا امکان جب کہ سکھر کے مقام پر 16 اور 17 ستمبر کو اونچے درجے کا سیلابی ریلا گزرے گا۔ حکومت سندھ نے ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر فلڈ ایمرجنسی نافذ کر دی ہے اور متعلقہ حکام کو ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لئے ہائی الرٹ رہنے کا حکم دے دیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں