سیلاب سے 274 افراد جاں بحق اور 11 لاکھ متاثر ہوئے این ڈی ایم اے کی وفاقی کابینہ کوبریفنگ

وزیراعظم کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران موجودہ صورتحال میں بین الاقوامی امداد نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔


ویب ڈیسک September 12, 2014
سیلابی ریلوں کے باعث 3 ہزار دیہات متاثر ہوئے اور 45 ہزار گھروں کو نقصان پہنچا، چیرمین این ڈی ایم اے فوٹو : فائل

چیرمین این ڈی ایم اے نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث سیلاب کے نتیجے میں 274 افراد جاں بحق اور 11 لاکھ متاثر ہوئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت طویل عرصے کے بعد ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال سمیت شدید بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب کی تباہ کاریوں کا جائزہ لیا گیا جب کہ چیرمین این ڈی ایم اے کی جانب سے کابینہ کو بریفنگ بھی دی گئی۔ بریفنگ کے دوران چیرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ سیلاب کے باعث پنجاب کے 10 اضلاع بری طرح متاثر ہوئے ہیں جب کہ جھنگ، چنیوٹ اور حافظ آباد میں سب سے زیادہ نقصان ہوا اور اب سیلاب ملتان کی طرف بڑھ رہاہے۔ چیرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں سےاب تک 274 افراد جاں بحق جب کہ مجموعی طور پر 11 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ سیلابی ریلوں کے باعث 3 ہزار دیہات متاثر ہوئے اور 45 ہزار گھروں کو نقصان پہنچا۔ چیرمین این ڈی ایم نے اپنی بریفنگ میں مزید کہا کہ پاکستان آرمی، این ڈی ایم اے اور صوبائی ادارے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، امدادی سرگرمیوں میں ہیلی کاپٹرز اور کشتیوں کا استعمال کیا جارہا ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم نے نقصانات کا تخمینہ مہینوں کے بجائے ہفتوں میں لگانے اور این ڈی ایم اے کو سندھ میں انسانی جانوں اور مالی نقصانات سے بچاؤ کے لئے تمام حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کے دوران کابینہ نے موجودہ صورت حال میں بین الاقوامی امداد نہ لینے کا فیصلہ کیا جب کہ سیلاب کی تباہ کاریوں پر دوست ممالک کی تشویش اور مدد کی پیش کش پر شکریہ بھی ادا کیا۔ اجلاس میں سیلاب کے دوران پاک فوج کے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کو سراہا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں