عوامی تحریک کا کارکنوں کی گرفتاریوں کیخلاف حکومت سے مذاکرات معطل کرنے کا فیصلہ

مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا پر امن حل چاہتے ہیں لیکن ہمارے رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریاں کی جارہی ہیں،رحیق عباسی

عوامی تحریک کے رہنماؤں نے مذاکرات کے لیے آنے والے حکومتی وفد سے ملاقات سے بھی انکار کردیا، فوٹو:فائل

عوامی تحریک نے کارکنوں کی گرفتاریوں پر حکومت سے مذاکرات معطل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان عوامی تحریک نے پولیس کے ہاتھوں کارکنان کی گرفتاریوں کے خلاف حکومت سے ہونے والے مذاکرات احتجاجاً معطل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے مذاکرات کے لیے آنے والے حکومتی وفد سے ملاقات سے بھی انکار کردیا ہے۔ صدر عوامی تحریک رحیق عباسی کا کہنا تھا کہ رحمان ملک کو بتادیا ہے کہ مذاکرات میں آج احتجاجاً شریک نہیں ہورہے، حکومت پہلے گرفتار کئے گئے ہمارے کارکنوں کو فوری رہا کرے۔ رحیق عباسی نے کہا کہ مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا پر امن حل چاہتے ہیں لیکن ہمارے رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریاں کی جارہی ہیں اور دھرنے میں آنے والے سامان کی گاڑیوں کو بھی روکا جارہا ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہےکہ کارکنان کی گرفتاریوں پر عوامی تحریک نے رابطہ کیا ہے جس پر ان کے کارکنان کی رہائی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے جبکہ عوامی تحریک سے اگلی ملاقات کا وقت بھی طے کرلیا گیا ہے جس کےتحت دونوں فریقین کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور پیر کی رات کو ہوگا۔
Load Next Story